ایران میں آئل ڈپو اور ایئرپورٹ نشانے پر، اسرائیل کا ایرانی لڑاکا طیارے گرانے کا بھی دعویٰ

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے شہر اصفہان کے ایک ہوائی اڈے پر فضائی حملہ کر کے متعدد ایف-14 لڑاکا طیارے تباہ کر دیے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق حملے میں ایسے ڈیٹیکشن سسٹمز اور فضائی دفاعی نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا جو اسرائیلی فضائیہ کے طیاروں کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔ اسرائیل نے یہ بھی کہا کہ یہ کارروائی دو روز قبل تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کے تسلسل میں کی گئی، جس میں مبینہ طور پر قدس فورس کے 16 طیارے تباہ کیے گئے تھے۔

دوسری جانب ایران سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات ملک کے مختلف حصوں میں شدید حملے کیے گئے جن میں تیل کے ڈپو اور آئل ریفائنریاں بھی نشانہ بنیں۔ ان حملوں کے بعد دارالحکومت تہران گھنے سیاہ دھوئیں کی لپیٹ میں آ گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق شہر میں فضا اس قدر آلودہ ہے کہ دن کے وقت بھی اندھیرے کا منظر محسوس ہو رہا ہے۔ بعض علاقوں میں بارش کے قطرے بھی سیاہ رنگ کے دیکھے گئے، جس سے زہریلی فضا کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق تہران کے جنوب مشرقی اور مشرقی علاقوں سمیت کئی مقامات پر ایندھن کے ذخائر کو نشانہ بنایا گیا، جس سے ماحولیاتی خطرات بھی پیدا ہو گئے ہیں۔

ان حملوں کے بعد شہری ہلاکتوں کے بارے میں شدید خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ چند روز قبل تک ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 1300 بتائی جا رہی تھی، تاہم حالیہ شدید حملوں کے بعد اس میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ادھر ایران کی جانب سے بھی اسرائیل پر جوابی حملے جاری ہیں اور فی الحال خطے میں کشیدگی کم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔