نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہدایت دی ہے کہ بہار میں اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن (SIR) کے بعد ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے 65 لاکھ ناموں کی مکمل فہرست شائع کی جائے، ساتھ ہی ہر نام کے اخراج کی وجہ بھی درج کی جائے۔
جسٹس سوریا کانت اور جسٹس جوئمالیا بگچی کی بنچ نے واضح کیا کہ یہ فہرست ضلع سطح کی ویب سائٹس، پنچایت بھون کے نوٹس بورڈز، بلاک ڈیولپمنٹ اور پنچایت دفاتر میں لگائی جائے۔ اس کے علاوہ، زیادہ اشاعت رکھنے والے مقامی زبان کے اخبارات میں اس کی تشہیر، اور دوردرشن سمیت دیگر چینلز پر نشریات بھی لازمی ہوں گی۔ ضلعی الیکشن افسران اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی نوٹس جاری کریں گے۔
عدالت نے کہا کہ جن شہریوں کے نام ووٹر لسٹ سے نکالے گئے ہیں وہ اپنی شکایات اور آدھار کارڈ کی کاپی کے ساتھ دعویٰ داخل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتیں اس عمل کو "عوام کی بڑے پیمانے پر حقِ رائے دہی سے محرومی” قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کر رہی ہیں۔




