آسام حکومت کی پش بیک پالیسی” پر سپریم کورٹ کاسماعت سے انکار

نئی دہلی / گوہاٹی (فکروخبر نیوز)آسام کی ہیمنت بسوا شرما حکومت کی متنازعہ "پش بیک پالیسی” کے خلاف دائر کی گئی پٹیشن پر سپریم کورٹ نے سماعت سے انکار کرتے ہوئے عرضی گزار کو گوہاٹی ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت ریاستی حکومت ان افراد کو جو "فارینرس ٹریبونل” کی جانب سے غیر ملکی قرار دیے گئے ہیں، بغیر عدالتی عمل کے راتوں رات بنگلہ دیش کی سرحد کی جانب دھکیل رہی ہے۔
یہ پالیسی 4 فروری 2025 سے نافذ العمل ہے، اور الزام ہے کہ اب تک اس کے تحت درجنوں افراد کو جبراً بنگلہ دیش روانہ کیا جا چکا ہے، جن میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کے اہل خانہ کے باقی افراد ہندوستانی شہری ہیں اور این آر سی میں ان کا اندراج موجود ہے۔
پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فارینرس ٹریبونلز کے فیصلے بسا اوقات معمولی غلطیوں، جیسے کہ اسپیلنگ کی تبدیلی یا دستاویزات کی کمی، کی بنیاد پر سنائے جاتے ہیں۔ اس کے باوجود متاثرین کو اپیل کا موقع دیے بغیر ریاستی حکومت نے انہیں بنگلہ دیش کی طرف زبردستی دھکیل دیا۔
عرضی گزار یونس علی کا معاملہ: ’’میری ماں کہاں ہے؟‘‘
سپریم کورٹ میں پیش ہونے والے عرضی گزار یونس علی نے کہا کہ آسام پولیس نے ان کی والدہ کو اچانک حراست میں لے لیا اور ممکن ہے کہ انہیں بنگلہ دیش روانہ کر دیا گیا ہو۔ یونس علی، جو خود ہندوستانی شہری ہیں، نے اپیل میں مطالبہ کیا کہ اگر ان کی والدہ ڈٹینشن سینٹر میں موجود ہیں، تو انہیں فوری رہا کیا جائے۔ عدالت نے اس عرضی پر 2 جون کو سماعت مقرر کی تھی۔
سپریم کورٹ کی تین رکنی بینچ نے "پش بیک پالیسی” کے خلاف دائر عمومی پٹیشن پر سماعت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ پہلے ہائی کورٹ میں اٹھایا جائے، جہاں تمام شواہد اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے گا۔
سیاسی ردعمل: ہیمنت شرما کی مسلم مخالفت پر کانگریس کا حملہ
کانگریس اقلیتی شعبہ کے قومی صدر ایم پی عمران پرتاپ گڑھی نے کہا:کہ "ہیمنت بسوا شرما کی حکومت پوری طرح مسلم دشمنی پر مبنی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ مدارس کو مسمار کرنا، مسلمانوں کے گھروں کو بلڈوز کرنا، اور شہریوں کو بنگلہ دیشی قرار دے کر بے دخل کرنا دراصل آئینی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ خود جلد آسام کا دورہ کر کے مسلمانوں کے ساتھ ہو رہے ظلم کا زمینی جائزہ لیں گے، اور یہ بی جے پی حکومت الیکشن سے پہلے ایک آخری سیاسی چال کے طور پر خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔

برطانیہ ویزا کا جھانسہ دے کر 16 لاکھ کا فراڈ، منگلورو کی فرم کے خلاف کنداپور پولیس میں مقدمہ درج

 متنازعہ وقف قانون کے خلاف احتجاج کے  درمیان وقف املاک کے رجسٹریشن  کیلئے نئی ویب سائٹ  لانچ کرنے کی تیاری