تاریخی قلعے میں بھگدڑ مچنے سے 30 افراد ہلاک، درجنوں لوگ زخمی

پورٹ او پرنس: شمالی ہیٹی میں مشہور سیاحتی مقام پہاڑی چوٹی کے قلعے ‘سیٹاڈیل لافیریئر ‘ میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک اور درجنوں لوگ زخمی ہو گئے، حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

کیپ ہائیٹین شہر کے میونسپل حکام نے ایک بیان میں کہا کہ سنیچر کو میلوٹ میں بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں "دم گھٹنے، روندنے اور بے ہوشی کے متعدد واقعات پیش آئے۔” حکام نے بتایا کہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں اس سیاحتی مقام پر بھگدڑ کے بعد درجنوں سیاحوں اور طلبہ کو ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جب کہ کئی دیگر لاپتہ ہیں۔

مقامی حکام نے بیان میں کہا کہ "ابتدائی جانکاری کے مطابق یہ بھگدڑ بہت زیادہ بھیڑ بھاڑ ، خاص طور پر ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامی اقدامات میں کوتاہی کی وجہ سے پیش آئی۔”

ہیٹی پولیس نے ایک الگ بیان میں کہا کہ انہوں نے واقعے کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ جانچ میں شامل حکام نے بتایا کہ ہلاک شدگان کا پوسٹ مارٹم اتوار سے ہی جاری ہے۔

پولیس نے بتایا کہ 30 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انتظامیہ نے مقامی آبادی سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون جاری رکھیں اور افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔

ہیٹی کی حکومت نے سیٹاڈیل لافیریئر قلعے میں پیش آنے والے اس واقعے کے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک متاثرہ کی رشتہ دار ڈونلڈسن جین نے کہا کہ ان کی بہن نے پڑھائی کے بعد دیگر طلبہ کے ساتھ اسکول کے فیلڈ ٹرپ کا حصہ بننے کے لیے وہاں کا سفر کیا تھا، تاہم اس حادثے میں اس کی موت ہو گئی۔ وہ اس کی لاش ملنے کے بعد زار و قطار رونے لگیں۔

انہوں نے کہا کہ "وہ جینیئس پروگرام کے لیے دن رات پڑھائی کرتی تھی۔ بعد ازاں وہ رات کے کھانے سے پہلے گھر کے کام میں بھی مدد کرتی تھی۔ دیکھو (میں نے) کیسے اسے کھو دیا۔”

شیئر کریں۔