کاروار (فکروخبر نیوز) ساحلی کرناٹک کو ریاستی دارالحکومت بنگلورو سے جوڑنے والی اہم ریل سروس 16515/16516 یشونت پور-کاروار-یشونت پور سہ روزہ (ٹرائی ویکلی) ایکسپریس کی متعدد سروسز عارضی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ جنوبی مغربی ریلوے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شری واگیلو اور یڈکوماری سیکشن کے درمیان ریلوے پٹریوں کی مرمت، دیکھ بھال اور ٹیمپنگ کے کام کے لیے بلاک لیے جانے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرین نمبر 16515 یشونت پور-کاروار ایکسپریس کی 5، 7، 9، 12، 14، 21، 23، 26، 28 اور 30 اکتوبر نیز 2 نومبر 2026 کو روانہ ہونے والی تمام سروسز منسوخ رہیں گی۔
اسی طرح ٹرین نمبر 16516 کاروار-یشونت پور ایکسپریس کی 6، 8، 10، 13، 15، 22، 24، 27، 29 اور 31 اکتوبر کے علاوہ 3 نومبر 2026 کو روانہ ہونے والی سروسز بھی مکمل طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
جنوبی مغربی ریلوے نے ان تاریخوں میں سفر کرنے والے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کر لیں اور روانگی سے قبل ٹرین کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کر لیں۔ ریلوے انتظامیہ نے اس عارضی تکلیف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات ریل پٹریوں کی حفاظت، بہتر دیکھ بھال اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔




