وقت کی قدر ایک اہم فریضہ اور ضرورت

 

 

صدیق احمد  جوگواڑ نوساری گجرات 

 

 وقت خدائے بزرگ وبر تر کا عطا کردہ وہ عظیم تحفہ ہے، جس کا انسانی زندگی کو سنوارنے، اور مزین کرنے میں ایک اہم کردار ہے، اوروقت بے شمار اہمیت کا حامل ہے،  اسی اہمیت کے پیش نظر اللہ تعالی نے قرآن کریم میں مختلف جگہ وقت کی قسمیں کھائی کہیں فرمایا والعصر،(القرآن)  اورکہیں والفجر، (القرآن)

نیز نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان سے صادر ہونے والا کلام بھی اس کی تنبیہ سے خالی نہیں ہے، لیکن آج امت کا جائزہ لینے پر بڑا صدمہ ہوتا ہے کہ اکثر لوگ اپنے اوقات کو یوں ہی ضائع کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور انھیں احساس تک نہیں ہے؛

 حالاںکہ وقت اسوقت قیمتی اور کار آمد ہو گا جبکہ اسکا صحیح استعمال کیا جائے، ورنہ یہی وقت دودھاری تلوار بن جاتاہے، اور غلط استعمال کرنے والےکو کاٹ کر ٹکڑےٹکڑے کردیتاہے،پھرضیاع اوقات پر سوائے حسرت وندامت اور افسوس کے کچھ نہیں باقی رہتا؛ 

چنانچہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا کہ اغتنموا خمسا قبل خمس،(الحدیث) کہ پانچ چیزوں سے پہلے پانچ چیزوں کو غنیمت سمجھو، جسمیں سے یہ بھی ہے کہ جوانی سے پہلے بڑھاپے کو، اور بیماری سے پہلے صحت کو غنیمت سمجھو، اور اسکی قدر کرو؛ 

اور یہ بھی فرمایاکہ نعمتان مغبون فيه كثير من الناس الصحة والفراغ، (الحدیث)  بہت سے لوگ دو چیزوں میں سب سے زیادہ غفلت برت رہے ہیں، ۱)صحت ۲)فراغت، جب صحت ہوتی ہے تو لوگ نیک اعمال نہیں کرتے، اور جب بڑھاپے کی لڑکھڑاتی دہلیز پر قدم رکھتے ہیں تو تسبیح پر تسبیح پڑھتے ہیں، یاد رہے جوانی کے عبارت کہیں زیادہ فضیلت کی حامل ہے، بڑھاپے کی عبادت سے، اور جب فرصت ہوتی ہے تو اعمال کو عبادات کو ٹال دیتے ہیں کہ کل کریں گے، افسوس صد افسوس کہ ان کا کل آتا ہی نہیں ہے، جس کے نتیجے میں اپنی جوانی کی فرصت کو یوں ہی موج ومستی اور غفلت میں ضائع کرکے بڑھاپے میں کف افسوس ملتے ہیں،  جس کا جوانی کے مقابلے میں کوئی خاص فائدہ نہیں ہوتا، اسی وجہ سے تو علماء فرماتے ہیں کہ وقت ہی اصل زندگی ہے اس کا صحیح استعمال کر کےاس کو اس طرح گزارو کہ وہ آپکو راہ رست پر لا کر جنت کے دروازے تک پہنچا دے،  اوروقت تو سونے سے بھی زیادہ قیمتی ہے ، کیونکہ سونا اگر ضائع ہو جائے تو کافی مال جمع کرنے کے بعد ایک خطیر رقم سے اسے حاصل کیا جا سکتا ہے،  لیکن اگر یہ وقت ضائع ہو جائے تو قیامت کی صبح تک پوری دنیا کی مال و دولت کے بدلے بھی اسے خریدا نہیں جاسکتا، علماء یہاں تک فرماتے ہیں کہ وقت انسان کو انسان بناتا ہے، چونکہ جتنے بھی لوگوں نے بڑے بڑے کار نامے انجام دیے ہیں، انھوں نے وقت کی قدر کی تھی، اگر آج ہم بھی وقت کی قدر کر لیں تو انشاءاللہ فلاح وکامرانی کو پالیں گے،

خلاصہ کلام یہ ہے کہ اللہ تبارک وتعالی نے جو وقت کاتحفہ ہمیں عطاء کیاہے وہ بطور آزمائش کےہے،  کہ آیا میرا بندہ اس کا صحیح استعمال کر کے جنت والے راستے پر چلتا ہے، یا اسکا بے جا استعمال کر کے جہنم کے گڑھے کی طرف بڑھتا ہے، اور وقت کے متعلق محشر میں سوال ہوگا، کہ میں نے تمھیں جوانی دی تھی تم نے اسے کہاں گذارا؟ اب خود ہم اپنا احتساب کریں کہ اُسوقت ہمارے پاس کیا جواب ہوگا؟ لہٰذا ضرورت ہے اس بات کی کہ ہم وقت کی قدروقیمت کو پہچانیں،  اور اسکا صحیح استعمال کر کے اپنے آپ کوجہنم کے دھکتے ہوئے گڑھے سے بچا کر جنت کی نعمتوں سے لطف اندوز ہونے والا بنائے، اوراس بات کو بھی یاد رکھیں، کہ وقت کی مثال ایک ربڑ جیسی ہے، اس کو کھینچنے سے لمبائی بڑھتی چلی جائے گی،جبکہ اس کو اپنی حالت پر چھوڑ دینے سے سکڑ کر اسکی لمبائ گھٹتی چلی جائے گی، نیزوقت کا صحیح استعمال اتنی برکت کا باعث بنے گا،کہ مختصر سے وقفے میں بڑے بڑے کارنامے وجود میں آجائیں گے،بسا اوقات تو اتنے بڑے کارنامے رونما ہوجائیں گے، کہ دنیا آپ کو یاد رکھے گی،  اس لئے محاسبہ کر کے اپنے اوقات کے صحیح استعمال پر دھیان دیتے ہوئے اپنی اگلی منزل طے کرنے کی کوشش کریں، اسلیے یہ احتساب اور وقت کا صحیح استعمال بڑا مفید اور کارآمد ثابت ہو گا، اور اپنے سابقہ ضائع شدہ اوقات پر اللہ سے معافی مانگ کر مستقبل کو بہتر سے بہتر بنانے کی فکر کریں؛

 کیونکہ 

گیا وقت  ہاتھ  آتا  نہیں؛ 

مرا بیل گھاس کھاتا نہیں؛ 

مضمون نگارکی رائے سے ادارہ کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے 

13مارچ2019

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے