کاروار (فکروخبر نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرِ ثانی مہم (Special Intensive Revision-2026) کے تحت ضلع اترا کنڑا میں تشخیصی فارموں (Enumeration Forms) کی تقسیم کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ ضلع الیکشن آفیسر و ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا نے بتایا کہ ضلع کے تمام رجسٹرڈ ووٹروں تک فارم پہنچا دیے گئے ہیں اور اس طرح تقسیم کا ہدف سو فیصد حاصل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 12,30,037 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں اور ہر ووٹر کو تصدیقی فارم فراہم کیا جا چکا ہے۔ موصولہ فارموں میں سے 4,97,840 فارموں کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی فارموں کو آن لائن نظام میں شامل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) کی جانب سے گھر گھر جا کر کی جانے والی تصدیق کے دوران اب تک 6,365 ایسے ووٹروں کی نشاندہی ہوئی ہے جن کے نام ووٹر فہرست سے حذف یا درست کیے جانے کی ضرورت ہے۔ ان میں 4,639 فوت شدہ ووٹرز، 1,235 مستقل طور پر منتقل ہو چکے ووٹرز اور 452 ڈوپلیکیٹ اندراجات شامل ہیں۔




