کاروار (فکروخبرنیوز) کرناٹک میں جاری مانسون کے سیزن اور اس دوران قدرتی آفات کے خدشات کے پیش نظر ریاستی حکومت نے ایک اہم حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ضلعی سطح پر آفات سماوی کے انتظام و انشورنس کی نگرانی کے لیے خصوصی نگراں مقرر کیے ہیں۔ اس مہم کا مقصد اضلاع میں مانیٹرنگ کو مضبوط بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائیوں کو تیز کرنا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرناٹک کے وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود جناب یوٹی قادر فرید کو اگلے احکامات تک ضلع اتر کنڑ (کاروار) کے لیے قدرتی آفات کا نگراں (Natural Disaster Overseer) مقرر کیا گیا ہے۔ اتر کنڑ کے ساتھ ساتھ، انہیں ساحلی اور پہاڑی پٹی کے دیگر اہم اضلاع یعنی اڈپی، دکشن کنڑ اور کوڈاگو (کورگ) میں بھی آفات سماوی کے انتظام اور مانیٹرنگ کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اس نئی پہل کا بنیادی مقصد شدید بارشوں، سیلاب، مٹی کے تودے گرنے (لینڈ سلائیڈنگ) یا مانسون کے دوران کسی بھی دوسری قدرتی آفت کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فوری تال میل قائم کرنا اور بچاؤ و راحت کاری کے کاموں کو بروقت انجام دینا ہے۔
کرناٹک حکومت نے باضابطہ طور پر ریاست بھر کے مختلف اضلاع کی نگرانی کے لیے ڈپٹی وزیراعلیٰ اور کئی کابینہ وزراء سمیت کل 13 اہم رہنماؤں کو یہ ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ حکومت کے مطابق یہ انتظامی بندوبست اگلے احکامات تک نافذ العمل رہے گا۔ حکام کا ماننا ہے کہ اس اہم پیش رفت سے ہنگامی حالات کے دوران مقامی سطح پر تیز رفتاری سے فیصلے لینے امدادی کاموں کو رفتار دینے اور ضلعی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی سرگرمیوں کی مجموعی نگرانی کو بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔




