منگلورو:  انسٹاگرام پر الال مسجد کو بم سے اڑانے کی دھمکی کا تبصرہ ، عوام میں سخت تشویش، ایف آئی آر درج

منگلورو: سوشل میڈیا پر ایک مبینہ دھمکی آمیز تبصرہ وائرل ہونے کے بعد اُلال علاقے میں ہلچل مچ گئی۔ ایک انسٹاگرام صارف نے پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ وہ “اُلال مسجد کو دھماکے سے اڑا دے گا”، جس پر فوری طور پر پولیس حرکت میں آگئی۔

اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی قادر نے پولیس حکام کو ہدایت دی کہ شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ان کی ہدایت پر اُلال پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

اسپیکر یو ٹی قادر نے سٹی پولیس کمشنر سے ملاقات کے دوران کہا کہ اُلال میں تمام مذاہب کے لوگ باہمی ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں۔ محکمۂ پولیس کو ایسی پوسٹس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کرنی چاہیے جو علاقے کی فرقہ وارانہ فضا کو خراب کرنے کی کوشش کریں۔

مبینہ طور پر “شنکر 11916” نامی صارف نے انسٹاگرام پر تبصرہ کیا تھا
“سپورٹ ماڈی برادر الال مسجد ہترا بم بلاسٹ ماڈ تینی” (میری حمایت کریں بھائی، میں اُلال مسجد کے قریب بم دھماکہ کروں گا)۔ یہ پیغام دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا، جس کے بعد شہریوں میں تشویش پھیل گئی۔

سٹی پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی نے موصولہ اطلاع پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس نوعیت کا پیغام پوسٹ کرنا سنگین جرم ہے۔ اُلالہ پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں کیس درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی جلد گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اشتعال انگیز اور افواہ پر مبنی مواد کو شیئر کرنے سے گریز کریں اور ایسے معاملات کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں، تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔