بھٹکل (فکروخبرنیوز) کرناٹک میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظر ثانی (SIR) کے پیشِ نظر ‘مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل’ کے ہیلپ لائن سینٹر کی جانب سے رائے دہندگان کو فراہم کی جانے والی رہنمائی اور امدادی خدمات 8 اکتوبر 2026 تک جاری رہیں گی۔
تنظیم ہیلپ لائن سینٹر کے ذمہ داران کے مطابق یہ سینٹر شہریوں کو ایس آئی آر سے متعلق تمام ضروری کارروائیوں میں مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے۔ اس میں نئے ووٹرز کے نام شامل کرنے کے لیے ‘فارم 6’ کا اندراج، ووٹر کارڈ یا لسٹ میں نام، پتہ اور دیگر تفصیلات کی درستگی اور دیگر انتخاب سے متعلق امور شامل ہیں۔ تنظیم نے ان تمام شہریوں سے جنہوں نے ابھی تک اپنے کارروائی مکمل نہیں کی ہے، اپیل کی ہے کہ وہ طے شدہ 8 اکتوبر کی تاریخ سے پہلے پہلے اس سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی درخواستیں اور درستی کے کام مکمل کر لیں۔
ایس آئی آر (SIR) کمیٹی کے کنوینر مبشر ہلارے نے تمام اہل ووٹرز سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ووٹر لسٹ کی تفصیلات کی تصدیق کریں اور مقررہ وقت کے اندر تمام ضروری طریقہ کار مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد نے نئے ووٹر رجسٹریشن کی درخواست دی ہے لیکن اب متعلقہ بی ایل او (بوتھ لیول آفیسر) کے پاس ضروری دستاویزات جمع نہیں کرائے ہیں، وہ بلا تاخیر دستاویزات جمع کرائیں۔ اس کے علاوہ جن درخواست دہندگان کو ووٹر آئی ڈی (EPIC) تیار ہونے کا میسج موصول ہو چکا ہے، وہ اپنا نیا ووٹر کارڈ ڈاؤن لوڈ کر کے اس کی ایک کاپی مستقبل کے حوالہ جات کے لیے اپنے پاس محفوظ رکھیں۔
تنظیم ہیلپ لائن سینٹر ایس آئی آر نوٹسز، سماعت (ہیئرنگ)، ووٹر کارڈ کی درستی اور دیگر مسائل پر بھی شہریوں کی رہنمائی کر رہا ہے۔ کسی بھی قسم کی دشواری یا رہنمائی کے لیے شہری بندر روڈ پر واقع تنظیم ہیلپ لائن سینٹر، بھٹکل سے براہِ راست رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔




