کمٹہ (فکروخبر نیوز) کمٹہ تعلقہ کے والجلی علاقے میں جدیکیرے کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں 19 سالہ طالب علم تالاب میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا جس کی شناخت پرشانت مکری (19) کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق چار سے پانچ طلبہ کا ایک گروپ جدیکیرے کی سیر کے لیے گیا تھا۔ اسی دوران پرشانت پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ لگا سکا اور اچانک تالاب میں ڈوب گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد موقع پر پہنچے اور تلاش شروع کردی۔ بعد ازاں کمٹہ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچیں اور مقامی ماہر غوطہ خوروں اور نوجوانوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
تلاشی کے دوران کمٹہ پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی قادر باشاہ نے انسانی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود پانی میں اترنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے فائر بریگیڈ اہلکاروں اور ماہر غوطہ خوروں کے ساتھ مل کر تالاب میں تلاش کی اور لاش کو باہر نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
پولیس افسر کے اس اقدام کو موقع پر موجود افراد نے سراہا اور ان کی جرأت اور انسانی ہمدردی کی تعریف کی۔ حادثے کے سلسلے میں کمٹہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔




