سرسی (فکروخبر نیوز) سرسی سے تعلق رکھنے والے نوجوان سائنسدان اور ایکسپری مائنڈ لیبس کے بانی اکشے جے ونت مشیلکر نے ایک نمایاں قومی اعزاز حاصل کرتے ہوئے ضلع اترا کنڑ اور ریاست کرناٹک کا نام روشن کیا ہے۔ انہیں نیتی آیوگ کے اٹل انوویشن مشن (AIM) کی جانب سے سال 2026 کا باوقار "Grassroots Innovator Recognition – 2026” ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔
یہ اعزاز نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں صدرِ جمہوریہ ہند کے ہاتھوں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ جمہوریہ نے تقریباً پانچ منٹ تک اکشے مشیلکر سے ان کی سائنسی تحقیق، اختراعات اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا اوران کی خدمات کو سراہا۔ تقریب کے دوران مرکزی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بھی تعلیمی میدان میں ان کی اختراعی خدمات کے اعتراف میں انہیں "Innovation Flame” شیلڈ سے نوازا۔ اکشے مشیلکر ملک بھر سے منتخب کیے گئے 26 گراس روٹس انوویٹرز میں شامل ہیں۔
اکشے مشیلکر اس وقت آر وی یونیورسٹی، بنگلورو سے پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ وہ سرسی کی ریٹائرڈ معلمہ لتا بھنڈاری اور جے ونت مشیلکر کے فرزند ہیں۔ ان کی تیار کردہ "جیومیجک” (Geomagic) نامی ریاضیاتی تعلیمی تحقیق کے نام پر اب تک چار پیٹنٹس رجسٹر ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اکشے مشیلکر دیہی اور سرکاری اسکولوں میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی STEM لیبارٹریز کے قیام کے ذریعے طلبہ تک جدید سائنس، روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم پہنچانے کی مہم میں سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔




