بھٹکل (فکروخبر نیوز) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) بھٹکل یونٹ کے زیرِ اہتمام "IMPRINTS OF THE PAST” (ماضی کے نقوش) کے عنوان سے ایک شاندار تعلقہ سطحی ہسٹری فیئر کا انعقاد نیو شمس اسکول کے ڈاکٹر ایم ٹی حسن باپا میموریل ہال میں عمل میں آیا۔ اس فکری اور علمی مقابلے میں بھٹکل کے مختلف پی یو اور ڈگری کالجوں کی ٹیموں نے شرکت کر کے اپنے تاریخی ماڈلز اور تحقیقی کاوشوں کو پیش کیں۔
افتتاحی اجلاس کا آغاز کیمپس سکریٹری سید سابق برماور کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد میڈیا سکریٹری مشائخ طالش نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ یونٹ صدر محمد زیان نے خطبہ استقبالیہ میں تاریخ کے مطالعے کی اہمیت اور ایس آئی او کے تعلیمی مشن پر روشنی ڈالی۔ پروگرام میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے ایس آئی او انڈیا کے سابق سکریٹری نہال کڈیور نے اپنے کلیدی خطاب میں طلباء کو اپنی تاریخ اور تہذیبی میراث کا گہرا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیا۔ اعزازی مہمانان انجمن حامیِ مسلمین کے جنرل سکریٹری جناب اسحاق شاہ بندری نے طلبہ کو اپنے شاندار ماضی سے واقفیت رکھنے اور اس کی روشنی میں اپنے مستقبل کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ مجلسِ اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے ایس آئی او کے طلبہ کی اس منفرد کاوش کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے تعلیمی پروگرام جاری رکھنے پر زور دیا۔
افتتاحی نشست کی صدارت امیرِ مقامی جماعتِ اسلامی ہند بھٹکل مولانا سید زبیر ایس ایم نے کی، جنہوں نے اپنے صدارتی خطاب کے بعد باقاعدہ نمائش کا افتتاح کیا۔
واضح رہے کہ ہسٹری فیئر میں مختلف کالجز کی کل 12 ٹیموں نے حصہ لیا، جس میں ہر ٹیم تین اراکین پر مشتمل تھی۔ طلباء نے ساحلی کرناٹک اور ملک کی اہم تاریخی عمارتوں، واقعات اور شخصیات پر تیار کردہ تحقیقی ماڈلز زائرین کے سامنے پیش کیے۔ ماڈلز کی ججنگ کے لیے اتر کنڑ کے معروف ہسٹورین پروفیسر ایم ایس گروراج، سینئر صحافی و سابق جنرل سکریٹری تنظیم ڈاکٹر حنیف شباب اور نہال کڈیور نے فرائض انجام دیے اور ہر ماڈل کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
دوپہر بعد منعقدہ اختتامی و انعامی تقریب میں ڈاکٹر حنیف شباب اور پروفیسر ایم ایس گروراج نے اپنے تاثرات میں طلباء کے تحقیقی جذبے کی ستائش کی۔ اختتام پر پروگرام کوآرڈینیٹر و یونٹ سکریٹری غطریف رضا مانوی نے فاتح ٹیموں میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کیے۔
مقابلے کے نتائج:
پہلا انعام: شمس پری یونیورسٹی کالج فار بوائز (ٹیم: History Hawks – عثمان غنی ہلارے، اسرار احمد خطیبی، رضوان ایکیری)
دوسرا انعام: شمس پری یونیورسٹی کالج فار بوائز (ٹیم: Ibn Sina – محمد اذہان، محمد عرفات، عبد البدیع)
تیسرا انعام: انجمن پی یو کالج فار ویمن (ٹیم: Shore of Legacy – عائشہ شہامہ مہک، روچیتا مدھوکر نائک، ماریہ قبطیہ)
خصوصی انعام (Complimentary Prizes): انجمن ڈگری کالج فار ویمن (ٹیم: Time Harbourers) اور شمس پی یو کالج فار بوائز (ٹیم: Echoes of Heritage) نے حاصل کیا۔




