جبکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم فرقہ کے سماجی واقتصادی اور اس سے بھی زیادہ تعلیمی مسائل پر توجہ دی جائے، ان کے نچلے طبقہ کے خاندانوں میں تعلیم سے عام بے رغبتی کی جو فضا ہے اس کو دور کرنے کے لئے سرگرم تحریک چلائی جائے اور متوسط طبقہ کو بھی اس طرف راغب کیا جائے تاکہ اس میں یہ احساس پیدا ہو کہ روپے پیسے کمانا ہی سب کچھ نہیں۔ اعلیٰ تعلیم بھی کمائی بڑھانے کا ایک اہم وسیلہ ہے ، جاہل یا کم پڑھے لکھے بچے والدین کی کمائی دولت کو برباد بھی کرسکتے ہیں اور ایسی اولاد اکثر سرگرم زندگی کی دوڑ میں داخل ہوکر ماں باپ کا نام روشن نہیں کرتی بلکہ بوجھ بن جاتی ہے۔
اسی طرح تعلیم کی ترقی کے لئے ہر سطح کے مسلمانوں کے گھروں کا ماحول درست کرنا اور پڑھائی کا مناسب انتظام کرنا بھی ناگزیر ہے، کیونکہ ناسازگار ماحول میں پلنے اور بڑھنے والے بچے ذہانت میں پچھڑ جاتے ہیں اور اسی لئے ان میں مقابلے کی خاطر خواہ صلاحیت نہیں ہوتی، عام رواجی تعلیم میں جو مسلم بچے ڈگڑیاں حاصل کرلیتے ہیں ان کی ڈگریاں اتنی مفید نہیں جتنی کہ سائنس اور دیگر اعلیٰ ٹکنالاجی وغیرہ کی ڈگریاں ہوا کرتی ہیں۔
سائنس کی اعلیٰ تعلیم وتحقیق اور ڈاکٹر نیز انجینئرنگ جیسے شعبوں کی تربیت میں مسلم پسماندگی کا بنیادی سبب یہ ہے کہ وہ داخلے کے امتحانات میں مقابلے کی پہلی سیڑھی ہی نہیں چڑھ پاتے نہ اقلیتی فرقے کے طلباء اچھی کوچنگ کے اس نظم سے کوئی فائدہ اٹھاتے ہیں جو حکومت یا دوسرے تعلیمی اداروں کی طرف سے کیا جاتا ہے انہیں اس طرف متوجہ کرنے کے علاوہ یہ بھی لازم ہے کہ مسلمانوں کے تعلیمی ادارے ہونہار طلباء کے لئے معقول وظیفوں کا انتظام کریں جو لوگ مسلمانوں کو دست کاری یا صنعت وحرفت کے میدانوں کو منتخب کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تو کچھ لوگوں کے لئے یہ ایک اچھا جاب ہوسکتا ہے لیکن کسی فرقہ کی مجموعی اور موثر ترقی کا اندازہ اس بات سے ہرگز نہیں ہوسکتا کہ وہ کتنے اچھے بڑھئی معمار اور میکانک ہیں دیکھنے اور جائزہ لینے کی بات یہ ہے کہ کتنے مسلم طلباء اعلیٰ سرکاری ملازمتوں کے مقابلے میں منتخب ہوتے ہیں۔ یا کتنے مسلم اداروں میں سائنس وکمپیوٹر کی تعلیم دی جارہی ہے ابھی تک مسلم سیاست دانوں، مسلم دولتمندوں اور مسلم رہنماؤں نے اس طرف خاطر خواہ توجہ نہیں دی ہے۔ جبکہ تعلیم وتحقیق کا یہ میدان ان کی رہبری کا سب سے زیادہ محتاج ہے۔
جواب دیں