شیرور (فکروخبر نیوز) بیندور پولیس تھانے کی حدود میں واقع شیرور کے قریب جمعرات کے روز ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک بے قابو لاری نے چار موٹر سائیکلوں اور پولیس کی پیٹرولنگ کار کو زوردار ٹکر مار دی۔ اس خوفناک حادثے میں ایک 45 سالہ شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کی شناخت ناگیندر مہالے کے طور پر کی گئی ہے، جو شیرور کا رہائشی تھا۔
اطلاعات کے مطابق حادثہ شیرور میں گرین ویلی اسکول کے قریب قومی شاہراہ کے ایک ڈھلان والے حصے پر پیش آیا۔ شاہراہ پر پہلے سے حادثے کا شکار ایک گڈز لاری کو کرین (JCB) کی مدد سے ہٹانے کا کام جاری تھا، جس کے لیے ٹریفک کو روکا گیا تھا اور سڑک پر بیری کیڈز لگائے گئے تھے۔ ناگیندر اور کئی دیگر مقامی افراد سڑک کے کنارے کھڑے ہو کر لاری کو ہٹانے کا منظر دیکھ رہے تھے۔
اسی دوران کیرالہ سے مہاراشٹر کی طرف ربر لے کر جا رہی ایک اور لاری ڈھلان سے اترتے ہوئے اچانک بے قابو ہو گئی۔ ڈرائیور کا کنٹرول چھوٹتے ہی تیز رفتار لاری نے سڑک کنارے پارک کی گئی چار موٹر سائیکلوں کو روندتے ہوئے سامنے کھڑی پولیس کی پیٹرولنگ کار سے ٹکراگئی۔ موٹر سائیکلوں کے قریب کھڑا ناگیندر مہالے بے قابو لاری کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی دردناک موت ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بائندور پولیس تھانہ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے جاں بحق شخص کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر کے حادثے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔




