ولکی (فکروخبرنیوز) جماعت المسلمین ولکی کے زیر اہتمام جامع مسجد ولکی کے وسیع صحن میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر ایک عظیم الشان اور روح پرور جلسہ منعقد ہوا، جس میں گاؤں کے خاص و عام، مرد و خواتین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جلسے کی صدارت جناب سکری احمد صاحب نے کی ۔ حمد و نعت اور مختلف پروگراموں کے بعد مہمانان خصوصی نے اپنے پُرمغز اور نصیحت آموز خطابات سے سامعین کو مستفید کیا۔
مہمانان خصوصی میں بھٹکل جماعت المسلمین کے نائب قاضی مفتی عبدالنور ندوی اور رفیق فکر و خبر مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی خصوصی طور پر قابل ذکر تھے۔ حمد و نعت کے بعد ان حضرات نے سیرت النبی ﷺ، موجودہ حالات اور دینی تعلیم کی اہمیت و ضرورت پر نہایت مؤثر اور فکر انگیز خطابات کیے جنہیں حاضرین نے بڑی توجہ اور دلچسپی سے سنا۔
جلسے کے دوران دو روز قبل ولکی مسجد ابو بکر صدیقؓ میں پورے گاؤں کے طلبہ کے درمیان منعقدہ مقابلے میں نمایاں نمبرات اور امتیازی مقام حاصل کرنے والے طلبہ میں خصوصی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
جس کے انتظامات ولکی ہی کے بعض مخلص افراد نے کیے تھے۔
ولکی کے نوجوانوں نے بھی ذمہ داران کے ساتھ مل کر نہایت شوق، محنت اور لگن سے جلسے کے انتظامات اور خدمت کے کاموں میں حصہ لیا۔ ان کی یہ خدمت قابل قدر اور لائق تحسین رہی۔ اسی طرح مالی تعاون کرنے والے حضرات اور دیگر تمام معاونین کا جماعت المسلمین کی جانب سے خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔
جلسے کے نظامت کے فرائض مولوی فیض ندوی اور مولوی شعیب ندوی نے بڑی خوش اسلوبی اور عمدگی کے ساتھ انجام دیے۔
آخر میں کلمات تشکر اور دعا کے ساتھ رات دیر گئے یہ بابرکت اور روح پرور جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
رپورٹ : مختار احمد فخرو ولکوی




