(فکروخبر/ذرائع)ریاض سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، سعودی عرب کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 23 اپریل سے 10 جون 2025 تک اجازت نامے کے بغیر کسی کو بھی مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ حج سیزن کے دوران عازمین کی سہولت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
سعودی ایوی ایشن اتھارٹی (GACA) نے تمام ایئر لائنز کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بغیر حج ویزا یا متعلقہ اجازت نامے کے کسی بھی مسافر کو مکہ مکرمہ جانے کی اجازت نہ دی جائے۔
ہدایت نامے کے مطابق، ٹرانزٹ ویزا رکھنے والے افراد بھی صرف کنفرم ٹکٹ اور واضح سفری منصوبے کے ساتھ ہی سفر کرسکیں گے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ حج 2025 کے لیے صرف ‘نسک’ پلیٹ فارم سے اجازت نامہ حاصل کرنے والے افراد ہی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
مزید برآں، وزارت داخلہ نے ’ابشر‘ اور ’مقیم‘ پلیٹ فارم پر "تصریح پورٹل” متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے مکہ پرمٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس پابندی سے صرف وہ افراد مستثنیٰ ہوں گے جن کے اقامے مکہ مکرمہ شہر سے جاری ہوئے ہیں۔ ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بورڈنگ گیٹس پر واضح ہدایات آویزاں کریں اور اعلانات کے ذریعے مسافروں کو اس فیصلے سے باخبر رکھیں۔
یہ فیصلہ ہر سال کی طرح اس بار بھی مکہ میں غیر ضروری ازدحام سے بچاؤ اور حجاج کرام کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔