منڈیا (فکروخبرنیوز) ریاست کرناٹک کے منڈیا ضلع میں کانگریس کے ایک رکن اسمبلی کی جانب سے دیا گیا سخت اور متنازعہ بیان سیاسی اور سماجی حلقوں میں شدید ردعمل کا سبب بن گیا ہے۔ سری رنگا پٹن حلقہ کی نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی رمییش بنڈی سدے گوڑا نے ایک عوامی جلسے کے دوران کہا کہ اگر کسی ریونیو افسر نے سرکاری زمین مسلمانوں کو الاٹ کی، تو وہ متعلقہ افسر کو "پھانسی تک پہنچا دیں گے”۔
یہ بیان مہادیوپور علاقے میں ایک سرکاری پروگرام کے دوران دیا گیا، جہاں زمین کے حقوق سے متعلق درخواستوں پر بات ہو رہی تھی۔ اجلاس کے دوران ایم ایل اے رمییش نے ریونیو اہلکاروں کو واضح تنبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی زمین کسی بھی حال میں "سابر طبقے” یعنی مسلمانوں کو الاٹ نہ کی جائے، ورنہ وہ سخت کارروائی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا: "ریاستی زمین عوام کی امانت ہے اور کسی بھی مخصوص طبقے کو ناجائز طریقے سے منتقل کرنا ناقابل قبول ہے۔ اگر کسی مسلمان کے نام زمین کی الاٹمنٹ یا رجسٹریشن کی گئی، تو میں ذاتی طور پر مداخلت کر کے سخت سے سخت اقدام کروں گا۔ ذرائع کے مطابق کچھ مقامی کسانوں کی جانب سے ریونیو افسران پر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ وہ مبینہ طور پر مسلمانوں کو سرکاری زمین الاٹ کر رہے ہیں، جس کے بعد یہ معاملہ کشیدہ صورت اختیار کر گیا۔ اسی پس منظر میں ایم ایل اے کا بیان سامنے آیا ہے۔