راجیشور سنگھ ابوجہل دوم

آئندہ2021ء تک یقیناًہندوستان کی سرزمین مسلمانوں کے وجود سے تو پاک نہیں ہوگی لیکن راجیشور سنگھ کا گھمنڈ اور تکبر سے چور سر ضرور شرم کے مارے جھک جائے گا اور وہ شہرت جو ایک شرانگیز پھلجھڑی چھوڑنے سے اس کے حصے میں آئی ہے وہ تب تک معدوم ہوچکی ہوگی اوربلاشبہ اگر کسی کے سامنے راجیشور سنگھ کا نام لیاجائے گا تو وہ دریافت کرے گا؛ کون راجیشور سنگھ؟
ہم راجیشور سنگھ کی گمنامی کی بات پورے یقین سے اس لیے کہہ رہے ہیں کہ یہ اللہ تعالیٰ کی سنت ہے کہ جو بھی اس سے سیدھی ٹکر لیتا ہے اللہ تعالیٰ اسے ذلیل کرکے گمنام کردیتا ہے۔ ابوجہل کے ساتھ بھی یہی ہوا۔۔۔ مٹھی بھر لوگوں کو ہی ابوجہل کے اصلی نام کا پتہ ہوگا ، ساری دنیا اسے بس ’جہالت کے باپ‘ کے لقب سے ہی جانتی ہے۔ یہ لقب اللہ کے آخری رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے دیاتھا۔۔۔ ابوجہل کا مقابلہ صرف نبئرحمت ﷺ سے نہیں اللہ تعالیٰ کی ذات سے بھی تھا کہ اس نے اُس دین کو مٹانے کا تہیہ کیاتھا جسے اللہ تعالیٰ ساری دنیا پر غالب کرناچاہتا تھا۔ 
اللہ کی سنت دہرائی جاتی رہی ہے ۔۔۔دین کی دعوت پانے پر ایران کے زرتشی بادشاہ نے رحمۃ اللعالمین ﷺ کے پاک مکتوب کی جس طرح بے حرمتی کی تھی اس کا انجام لوگ دیکھ رہے ہیں۔۔۔ ایران سے زرتشیوں کا جنازہ نکل گیا، شہنشاہی گئی، ملک گیا اور اب نسل بھی معدوم ہونے پر ہے۔۔۔ ابولہب کے انجام سے سب واقف ہیں۔۔۔ اللہ اپنے دشمنوں کو معاف نہیں کرتا۔۔۔ اور راجیشور سنگھ تو صرف مسلمانوں کا نہیں اللہ کابھی دشمن ہے کیوں کہ اس نے مسلمانوں سے ہندوستان کو پاک کرنے کا عزم کرکے گویا ہندوستان کو اللہ تعالیٰ کے دین یعنی مذہبِ اسلام سے پاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
2021کو ابھی عرصہ ہے۔۔۔ پورے سات سال۔۔۔ ان سات سالوں میں مسلمانوں (اور عیسائیوں کو بھی کہ دھرم جاگرن سمیتی کے راجیشور سنگھ نے عیسائیت سے بھی ہندوستان کو پاک کرنے کی بات کہی ہے) ہندوستان سے باہر بھگانے کے لیے راجیشور سنگھ کو اس پوری حکومت کی مدد لینا پڑے گی، جس کے بَل پر وہ ایسے دعوے کررہے ہیں، یعنی مودی سرکار کی، اورا ن کی پولس اور ان کی فوج اور سارے فرقہ پرست عناصر کی، لیکن یہ عین ممکن ہے کہ مودی کی یہ حکومت سات سال چلے ہی نہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ ایسے حالات پیدا کردے کہ یہ حکومت اورراجیشور سنگھ مسلمانوں کے خلاف اقدام کر ہی نہیں سکیں۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے