وزیر اعظم مودی کا بنگلورو دورہ ، کانگریس پر جم کر کی تنقید

وزیراعظم نریندر مودی کا بنگلورو میں خطاب، کرناٹک کی کانگریس حکومت پر داخلی اختلافات اور عوام سے دھوکہ دہی کا الزام۔ بی جے پی کی انتخابی فتوحات پر بھی اظہارِ خیال۔

بنگلورو: (فکروخبرنیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں بی جے پی کارکنوں کے ایک عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس حکومت پر کڑی تنقید کی۔ وزیراعظم نے الزام لگایا کہ کرناٹک میں کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد سے عوام کی خدمت کرنے کے بجائے اپنی داخلی لڑائیوں اور اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ تین سالوں سے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے حکومت کا زیادہ تر وقت آپسی اختلافات کو سلجھانے میں ضائع ہو رہا ہے۔

وزیراعظم مودی نے وزیراعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے درمیان جاری مبینہ اقتدار کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "وہ یہ فیصلہ نہیں کر پا رہے ہیں کہ وزیراعلیٰ کتنے دن رہیں گے اور دوسرے لیڈر کو موقع ملے گا یا نہیں۔ سب کچھ غیر یقینی کا شکار ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے پاس گڈ گورننس کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے اور اس کی تمام ’ضمانتیں‘ جھوٹی ثابت ہوئی ہیں۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے بی جے پی کی ملک گیر مقبولیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آسام، مغربی بنگال، پڈوچیری اور گجرات کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک کا نوجوان، کسان اور خواتین ترقی اور استحکام چاہتے ہیں۔ انہوں نے بنگلورو میں کارکنوں کے جوش و خروش کو دیکھ کر کہا کہ "آج مجھے بنگلورو کی سرزمین سے ایک زعفرانی سورج طلوع ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔” مودی نے کانگریس کو ایک ‘طفیلی’ (Parasitic) جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مفاد کے لیے اپنے ہی اتحادیوں کو دھوکہ دینے کی تاریخ رکھتی ہے۔

شیئر کریں۔