بھٹکل(فکروخبرنیوز) معاشرے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف عوامی بیداری پیدا کرنے اور خصوصاً نوجوان نسل کو اس کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے ادارہ تربیتِ اخوان کے زیرِ انتظام چلنے والے نیو شمس اسکول کے طلبہ نے پیر کے روز بھٹکل پولیس کے اشتراک سے ایک منشیات مخالف بیداری ریلی نکالی۔ ریلی کے ذریعے طلبہ نے نشہ آور اشیاء کے استعمال سے پیدا ہونے والے جسمانی، ذہنی اور سماجی نقصانات کی جانب عوام کی توجہ مبذول کرائی اور معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک رکھنے کا پیغام دیا۔
ریلی کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے عیدگاہ کے قریب واقع نیو انگلش اسکول سے ہوا۔ وہاں سے طلبہ شمس الدین سرکل پہنچے اور قومی شاہراہ کے راستے آگے بڑھتے ہوئے منی ودھان سودھا پہنچے، جہاں ریلی اختتام پذیر ہوئی۔
اس بیداری مہم میں چھٹی سے دسویں جماعت تک کے طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ ریلی کے دوران طلبہ نے منشیات کے خلاف نعرے بلند کیے اورعوام کو نشہ آور اشیاء کے استعمال سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کرنے کی کوشش کی۔ طلبہ کی اس مہم کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا نہ صرف والدین اور تعلیمی اداروں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ریلی کے اختتام پر طلبہ کی جانب سے بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر کو ایک یادداشت (میمورنڈم) پیش کی گئی، جس میں تعلیمی اداروں کے اطراف نشہ آور اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کرنے اور ایسے مقامات کی کڑی نگرانی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
میمورنڈم میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے آس پاس نشہ آور اشیاء کی فروخت اور ان کی دستیابی کو روکنے کے لیے متعلقہ حکام مؤثر اور سخت اقدامات کریں، تاکہ طلبہ کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔طلبہ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف نشہ آور اشیاء کی غیرقانونی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور ایسے علاقوں میں نگرانی کا نظام مزید مضبوط بنایا جائے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے طلبہ کی جانب سے پیش کردہ میمورنڈم وصول کیا اور اس سلسلے میں ضروری کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ادارہ تربیتِ اخوان کے ذمہ داران مولانا ضیاء الرحمٰن ندوی، مولانا عزیز الرحمٰن ندوی اور جناب یونس رکن الدین کے علاوہ اسکول کے اساتذہ اور بھٹکل پولیس کے اہلکار بھی موجود تھے۔




