اتراکنڑا ڈپٹی کمشنر نے منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے ہوم اسٹیز اور ریزورٹس پر چھاپے مارنے کی دی ہدایت

کاروار (فکروخبرنیوز) ضلع کاروار میں منشیات کے پھیلاؤ اور استعمال کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ضلعی ڈپٹی کمشنر (DC) کے لکشمی پریا نے سخت گیر موقف اختیار کرتے ہوئے پولیس اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مشکوک پائے جانے والے ہوم اسٹیز اور ریزورٹس پر چھاپے مارے جائیں۔  وہ منگل کے روز ڈپٹی کمشنر آفس کے ہال میں منعقدہ "این کارڈ” (NCORD) کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔

ڈی سی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پولیس ریکارڈ کے مطابق منشیات کے کیسز میں 18 سے 35 سال کی عمر کے نوجوانوں کی بڑی تعداد اس بری لت کا شکار ہو رہی ہے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت دی کہ ضلع کے تمام کالجوں میں منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں طلبہ کے لیے بڑے پیمانے پر بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ کنٹرولر کو ہدایت دی کہ ضلع کے تمام میڈیکل اسٹورز کو پابند کیا جائے کہ وہ ڈاکٹر کے نسخے (Prescription) کے بغیر کوئی بھی نشہ آور دوا فراہم نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل شاپس پر اس حوالے سے معلوماتی پوسٹرز لگائے جائیں اور جو دکانیں بغیر نسخہ ادویات فروخت کرتی پائی جائیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

پولیس محکمہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ منشیات کی ذخیرہ اندوزی اور سپلائی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی "ڈرگ فری کرناٹک” (Drug Free Karnataka) موبائل ایپلی کیشن کے بارے میں عوام میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کریں۔ ڈی سی نے تمام متعلقہ محکموں کو اپنی ماہانہ معائنہ رپورٹ لازمی طور پر جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

اجلاس میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ (SP) دیپن ایم این نے بتایا کہ سال 2026 میں اب تک منشیات کی سپلائی کے 8 کیسز درج کیے گئے ہیں، جن میں 14 افراد کو گرفتار کر کے 1,49,500 روپے مالیت کا گانجہ ضبط کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ منشیات کے استعمال کے 97 کیسز میں 112 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اس اجلاس میں پولیس، صحت، تعلیم، بندرگاہ اور محکمہ ماہی گیری کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔

شیئر کریں۔