بھٹکل (فکروخبرنیوز) محنت، لگن اور پختہ ارادہ ہو تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ اس کی ایک زندہ مثال مقامی مدرسہ دارالتعلیم والتربیہ کے طالب علم محمد صائم ابن صادق اسماعیل دروے نے پیش کی ہے۔ محمد صائم نے محض ڈیڑھ ماہ کی چھٹیوں کے مختصر عرصے میں قرآن مجید کے 26 ختم کر کے سب کو حیران کر دیا ہے اور دیگر طلبہ کے لیے ایک نئی مشعلِ راہ روشن کی ہے۔ اس کارنامہ پر اسے مثالی طالب علم کے خطاب سے نوازا گیا۔
محمد صائم کی اس غیر معمولی کامیابی پر اساتذہ کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ ماہ جیسی قلیل مدت میں قرآن کریم کے 26 ختم کر کے مکمل کرنا کوئی معمولی بات نہیں، یہ اللہ کے فضل کے بعد طالب علم کی شبانہ روز محنت اور قرآن سے سچی محبت کا نتیجہ ہے۔ صائم نہ صرف تعلیمی میدان میں پیش پیش ہیں بلکہ وہ اعلیٰ اخلاق کے حامل، والدین کے فرمانبردار اور اپنے اساتذہ کے نورِ نظر ہیں۔
مدرسہ دارالتعلیم والتربیہ کی انتظامیہ اور اساتذہ نے محمد صائم کی اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے مدرسے کے لیے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔ یہ کارنامہ ان نوجوانوں کے لیے ایک سبق ہے جو وقت کی اہمیت کو نہیں سمجھتے۔ محمد صائم نے ثابت کر دیا کہ اگر تعطیلات کے وقت کو صحیح سمت میں استعمال کیا جائے تو اس طرح کے ہمت افزا نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ہونہار طالب علم کو نظرِ بد سے بچائے، انہیں دین کا خادم بنائے اور ان کے والدین و اساتذہ کے لیے صدقہ جاریہ بنائے۔ آمین۔




