محکمہ موسمیات کی پیش گوئی: ساحلی کرناٹک میں اگلے چار دنوں کے لیے ایلو الرٹ، بارش کے امکانات  کے باوجود شدید گرمی کا امکان

ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اگلے چار دنوں کے دوران منگلورو اور اڈپی سمیت ساحلی کرناٹک میں ملے جلے موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ آئی ایم ڈی نے 26 سے 29 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے خطے کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اگرچہ اس مدت کے دوران بارش کی توقع ہے، لیکن خطے میں خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں زیادہ گرمی اور نمی برقرار رہے گی۔ آئی ایم ڈی نے بارش کی کے امکانات کے باوجود بعض علاقوں میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

ساحلی پٹی میں 24 اپریل کی رات کو ہلکی بارش ہوئی تھی، جس کے بعد جمعہ اور ہفتہ کو وقفے وقفے سے دھوپ کے ساتھ جزوی طور پر ابر آلود آسمان رہا، جبکہ بیندور سمیت کچھ علاقوں میں جمعہ کی دیر رات بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ منگلورو میں ہفتہ کو درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 25.3 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔ نمی کی بلند سطح نے حبس اور تکلیف میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جس سے پورے خطے میں روزمرہ کے معمولات متاثر ہو رہے ہیں۔

حکام نے ماہی گیروں اور ساحلی باشندوں کو گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خود کو ہائیڈریٹ رکھیں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور اچانک بارش کے اثرات سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

شیئر کریں۔