معراج کی رات سفر اور پیغام:کہانی نہیں نصیحت اور ہدایت ہے

   ابونصر فاروق

(مولانا ابو الاعلیٰ مودودی ؒ کے تین کتابچے”معراج کی رات“، ”معراج کا سفر نامہ“اور”معراج کا پیغام“کے مواد کو 
میں نے اس مضمون میں یکجا کردیا ہے۔ تحریر میری ہے لیکن مواد سارا کا سارا مولاناابو الاعلیٰ مودودیؒ کا ہے)

    جب نبی مکرم ﷺ منصب نبوت پر سرفراز ہوئے تو اُس وقت سے اہل اسلام نے وقت کا حساب کتاب رکھا۔ نبوت کے بعد جو سال آئے اُنہیں نبوی سال کہا جاتا ہے۔حضور کی عمر عزیز ۲۵سال ہو چکی تھی اورنبی بننے کے بعد۲۱/ سال گزر چکے تھے۔اسی سال کے ساتویں مہینہ رجب کی ۷۲/ تاریخ تھی۔ رسول اللہ ﷺ حرم کعبہ میں سو رہے تھے۔ جبرئیل ؑ نے آکر آپ کو جگایا۔ کچھ خواب اورکچھ بے خوابی کی حالت میں حضورﷺ کو زمزم کے پاس لے گئے، سینہ چاک کیا، زمزم کے پانی سے اُس کو دھویا اور پھر اُسے حلم،بُردباری،دانائی، ایمان اور یقین سے بھر دیا۔اس کے بعد سواری  کے لئے ایک جانورپیش کیا جوخچر سے کچھ چھوٹا سفید رنگ کا تھا۔بجلی کی رفتار سے وہ چلتا تھا۔ جب حضور ﷺ اس پر سوار ہوئے تو وہ چمکا۔جبرئیل ؑ نے اسے تھپکی دی اور کہا کیا کرتا ہے۔ آج تک ان سے بڑی کسی شخصیت نے تیری سواری نہیں کی۔اُس سواری کو براق کہا گیا ہے۔اُس پر سوار ہو کر حضرت جبرئیل ؑ کے ساتھ نبی مکرم ﷺ روانہ ہوئے۔  سب سے پہلے مدینہ پہنچے اور وہاں پہنچ کرنماز ادا کی۔ جبرئیل ؑ بولے آپ یہاں ہجرت کر کے آئیں گے۔وہاں سے چلے تو کوہ طور پر پہنچے جہاں موسیٰ  ؑاللہ تعالیٰ سے بات کیا کرتے تھے۔پھر وہاں سے روانہ ہوئے تو بیت لحم پہنچے جہاں عیسیٰ ؑ پیدا ہوئے تھے۔اس کے بعد چوتھی منزل بیت المقدس کی آئی جہاں پر براق کا سفر ختم ہو گیا۔
    پھر نبی ﷺ ہیکل سلیمانی میں داخل ہوئے تو اُن سب پیغمبروں کو موجود پایا جو شروع سے آخر تک دنیا میں پیدا ہوئے تھے۔آپ نے وہاں امامت کی اور تمام نبیوں نے آپ کی امامت میں نماز پڑھی۔اسی بنیاد پر نبی ﷺکو امام الانبیاء کہا جاتا ہے۔اس کے بعد ایک سیڑھی لائی گئی جس پر چڑھ کر آپ آسمان پر پہنچے۔ سیڑھی کو عربی میں معراج کہتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ واقعہ معراج کے نام سے مشہور ہوا۔اس واقعہ کا ذکر سورہئ بنی اسرائیل کے شروع میں ہے۔سورہئ بنی اسرائیل کا ایک نام سورہئ اسراء بھی ہے۔معراج کا واقعہ ایک معجزہ ہے لیکن قرآن نے اس واقعہ کو کہانی سنانے کے لئے نہیں سنایا ہے بلکہ سورہئ اسراء میں جو ہدایات دی گئی ہیں، اُن پر توجہ دینے اور اُن کو سمجھ کر اُن پر عمل کرنے کے لئے پیش کیا گیا ہے۔اس سورہ کی ہدایات کی تفصیل یہ ہے:
(۱)    صرف اللہ کی بندگی کی جائے اور اُس کی بادشاہت میں کسی کو شریک نہ کیا جائے۔ یہ شرک ہے اور شرک کسی قیمت پر معاف نہیں ہوگا۔
(۲)    خاندانی رشتے داری کا پورا پورا لحاظ رکھا جائے۔ اولاد والدین کی فرماں بردار رہے اور رشتہ دار ایک دوسرے کے ہمدرد و مددگار بنے رہیں۔حدیث رسولﷺ ہے کہ رشتوں کو کاٹنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔
(۳)    سماج میں جو لوگ مفلس اور معذور ہیں یا جو وطن سے دور ہیں اُن کو بے سہار ا نہ چھوڑ دیا جائے۔اُن کی طرف سے غافل نہیں رہا جائے۔
(۴)    دولت کو فضول ضائع نہ کیا جائے۔ فضول خرچی کرنے والے شیطان کے بھائی ہیں۔
(۵)    لوگ اپنے خرچ کو اعتدال پر رکھیں۔ نہ بخیل بن جائیں اور نہ فضول خرچ۔ اپنے مال سے بندگان خدا کا حق نکال کر اُن تک پہنچائیں۔
(۶)    اپنے بندوں کے رزق کا جو انتظام اللہ تعالیٰ نے کیا ہے اُس پر قناعت کریں اور اس نظام میں مصنوعی اور حرام کی کوشش کر کے خلل نہ ڈالیں۔
(۷)    روزی کی کمی کے ڈر سے بچوں کی پیدائش کو روکنے کی کوشش نہ کریں۔پہلے، اب اور بعد میں آنے والی تمام مخلوق کا رازق اللہ ہے، انسان نہیں۔
(۸)    خواہش نفس کے اثر میں آ کر زنا نہ کر یں۔اس سے سخت پرہیز کیریں اور جن چیزوں سے اس برائی کی تحریک پیدا ہوتی ہے اُس پر لگام لگائی جائے۔
(۹)    انسانی جان کا احترام کیا جائے اور کسی جان کو ناحق قتل نہ کیا جائے۔انسان پر اپنی جان لینا بھی حرام ہے۔

(10)    یتیموں کے مال کی حفاظت کی جائے۔جب وہ اس لائق ہو جائیں کہ اپنا بھلا برا سمجھنے لگیں تو اُن کا مال اُن کے حوالے کر دی جائے۔
(11)    عہد و پیمان کو پورا کیا جائے۔ خدا کے سامنے اس کی جوابدہی کرنی ہوگی۔
(12)    تجارت میں ناپ تول میں احتیاط رہے۔پیمانے پورے بھرے جائیں۔
(13)    وہم و گمان سے بچاجائے۔ جس چیز کا علم نہ ہو اُس کی پیروی کرنا غلط ہے۔ اللہ کے سامنے انسان کو اپنے تمام اعمال کی جواب دہی کرنی ہوگی۔
(14)    تکبر اور غرورکی چال نہ چلو۔تم نہ زمین کو پھاڑ سکتے ہو نہ پہاڑ کو روند سکتے ہو۔
    معراج کے سفر کی تفصیل قرآن میں نہیں موجود ہے۔معراج کے اس سفر کی تفصیل حدیثوں میں ملتی ہے۔۸۲ /ایسے راوی ہیں جنہوں نے معراج کے سفر کی تفصیل بتائی ہے۔ان میں سے ۱۲/ وہ ہیں جنہوں نے خود اپنے کان سے یہ باتیں نبی مکرم ﷺ کی زبانی سنی ہیں۔ان حدیثوں کے حوالے سے یہ ایک نہایت دلچسپ، حیرت انگیز اور نصیحت و عبرت سے لبریز سفر نامہ بنتا ہے جو اس طرح ہے:
(۱)    سیڑھی کے ذریعہ پہلے آسمان پر پہنچے تو پوچھا گیا کون آیا ہے۔جبرئیل ؑ نے بتایاکہ محمد ﷺ آئے ہیں اور اپنا نام بھی بتایا۔پوچھا گیا کیا بلایا گیا ہے۔ جواب دیا ہاں۔ تب پہلے آسمان کا دروازہ کھلا۔وہاں حضور ﷺ کی ملاقات فرشتوں اور ان روحوں سے ہوئی جو دنیا میں صالح اورنامور لوگ تھے۔پھر حضرت آدم ؑ سے بھی ملاقات ہوئی۔(۲)حضور ﷺنے دیکھا، ایک جگہ لوگ فصل کاٹ رہے ہیں۔جتنی کاٹتے ہیں اس سے زیادہ وہ بڑھ جاتی ہے۔پوچھا یہ کیا ہورہا ہے ؟  کہا گیا یہ وہ لوگ ہیں جو دنیامیں اللہ کی راہ میں جہاد کیا کرتے تھے۔(۳)دیکھا کہ کچھ لوگوں کے سر کچلے جارہے ہیں۔ پوچھا یہ کیا ہو رہا ہے ؟ کہاگیا یہ ایسے سر والے ہیں جن کے سر دنیا میں نماز کے لئے سجدے میں نہیں جاتے تھے۔(۴)کچھ لوگ دکھائی دیے جن کے کپڑوں میں آگے پیچھے پیوندتھے اور وہ مویشی کی طرح گھاس چر رہے تھے۔پوچھا یہ کیاہے ؟  جواب ملا یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے مال کی زکوٰۃ دنیا میں نہیں نکالا کرتے تھے۔(۵)دیکھا کہ ایک آدمی نے لکڑی کاگٹھر جمع کر کے اٹھاناچاہا مگر اٹھا نہ سکا۔ اس نے اس گٹھر میں اور لکڑیاں جمع کر لیں۔پوچھا یہ کون احمق ہے ؟ جواب ملا یہ وہ آدمی ہے جس کو ایک ذمہ داری دی گئی تو وہ اسے ٹھیک سے ادانہ کر سکا۔اور دوسری ذمہ داریاں لیتا چلا گیا۔(۶)دیکھا کچھ لوگوں کی زبان اور ہونٹ قینچیوں سے کترے جا رہے ہیں۔پوچھا یہ کیا ہورہا ہے ؟  کہا گیا یہ ایسے مقرر ہیں جو اپنی زبان سے غیر ذمہ دارانہ باتیں کہتے تھے اور فتنے پھیلاتے تھے۔یعنی لوگوں کو آپس میں لڑاتے تھے۔(۷)دیکھا ایک چھوٹے سوراخ سے ایک موٹا بیل نکلا اور پھر اسی سوراخ میں جانے کی کوشش کرنے لگا۔ پوچھا یہ کیا ہے ؟  کہا گیا یہ اس آدمی کی مثال ہے جس نے اپنی زبان سے ایسی بات کہہ دی جس پر پچھتایا اور اس کی تلافی کرنا چاہا مگر نہ کر سکا۔(۸)ایک جگہ دیکھا کچھ لوگ اپنا ہی گوشت کاٹ کاٹ کر کھا رہے ہیں۔ پوچھا یہ کیا معاملہ ہے ؟  کہا گیا یہ وہ لوگ ہیں جو دوسروں پر لعنت ملامت کیا کرتے تھے۔(۹)وہیں پر کچھ لوگ تانبے کے ناخن والے تھے اور وہ اپنے انہیں ناخنوں سے اپنے منہ اورسینے نوچ رہے تھے۔ پوچھا یہ کیاہورہا ہے ؟ کہا گیا یہ وہ لوگ ہیں جو دوسروں کے پیٹھ پیچھے ان کی برائیاں کیا کرتے تھے۔(۰۱)دیکھا کچھ لوگوں کے ہونٹ اونٹوں جیسے ہیں اور وہ آگ کھا رہے ہیں۔ پوچھا یہ کیا ہورہا ہے ؟کہا گیا یہ وہ لوگ ہیں جویتیموں کا مال ناجائز طور پر کھایا کرتے تھے۔(۱۱) دیکھا کچھ لوگ پیٹ کے بل لیٹے ہوئے ہیں اور ان کے پیٹ میں سانپ بھرے ہوئے ہیں۔ پوچھایہ کون لوگ ہیں ؟ کہا گیا یہ دنیا میں سود کھایا کرتے تھے۔(۲۱)ایک جگہ دیکھا ایک طرف عمدہ نفیس گوشت رکھا ہوا ہے اور ایک طرف سڑا ہوا گوشت رکھا ہے۔ کچھ لوگ اچھا گوشت چھوڑ کر سڑا ہوا گوشت کھا رہے ہیں۔ پوچھا یہ کیا ہو رہا ہے ؟  کہا گیا یہ وہ مردا ور عورتیں ہیں جنہوں نے اپنی بیویوں اور شوہروں کوچھوڑ کر دوسری عورتوں اور مردوں کے ساتھ حرام کاری کیا کرتے تھے۔؎(۳۱)ایک جگہ دیکھا کچھ عورتیں اپنی چھاتیوں کے بل لٹک رہی ہیں۔ پوچھا یہ کیا ماجرا ہے ؟  کہا گیا یہ وہ عورتیں ہیں جنہوں نے اپنے شوہروں کے سرایسے بچے منڈھ دیے جو اُن کے نطفے سے پیدا نہیں ہوئے تھے۔
    وہاں سے چل کر نبی کریم  ﷺدوسرے آسمان پر پہنچے۔ وہاں یحییٰ اور عیسیٰ علیہم السلام سے ملاقات ہوئی۔تیسرے آسمان پر پہنچے تو یوسف علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔چوتھے آسمان پر حضرت ادریس علیہ السلام اور پانچویں آسمان پر حضرت ہارون علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔چھٹے آسمان پر حضرت موسیٰ علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔ ساتویں آسمان پر پہنچے تو اپنی ہی شکل کے آدمی سے ملاقات ہوئی۔ بتایا گیا یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام ہیں۔وہاں سے سدرۃ المنتہیٰ پہنچے۔ یہ وہ مقام تھا جہاں سے آگے کسی مخلوق کو جانے کا حق نہیں تھا۔اسی مقام پر بار گاہ رب العالمین سے ہدایات آتی ہیں اور وہاں سے زمین والوں تک لائی جاتی ہیں۔اس مقام پر رسول اللہ ﷺ کو جنت دکھائی گئی۔وہاں پر حضرت جبرئیل ؑ رک گئے اور حضور ﷺاکیلے آگے بڑھے یہاں تک کہ بارگاہ ربالعالمین تک پہنچ گئے۔اللہ تعالیٰ نے ان سے باتیں کیں اوریہ تحفے دیے:
    (۱)روزانہ پچاس وقت کی نماز فرض کی گئی۔(۲)سورہ بقرہ کی آخری دو آیتیں اسی موقع پر عطا ہوئیں۔(۳)فرمایا گیا کہ جو نیکی کا ارادہ کرے گا اس کے حق میں ایک نیکی لکھ لی جائے گی۔ جب اس ارادے پر عمل کرے گا تو دس نیکیاں ملیں گی۔ جو برائی کا ارادہ کرے گا تو جب تک اس پر عمل نہ کرلے اس کے نامہ اعمال میں برائی لکھی نہیں جائے گی۔
    وہاں سے واپس ہوئے تو پھر موسیٰ علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آپ کی امت کمزور ہے پچاس وقت کی نماز ادانہ کر سکے گی۔جائیے کم کرائیے۔حضورؐ واپس گئے اور خدا وند عالم سے نماز کم کرنے کی درخواست کی۔دس نما ز کم کر دی گئی۔موسیٰ  ؑ نے کہا یہ بھی زیادہ ہے۔ آپ پھر گئے۔ اسی طرح پچاس نمازیں کم ہوتے ہوتے پانچ پر آ گئیں۔کہا گیا نمازیں تو لوگ پانچ وقت ہی پڑھیں گے لیکن اجر و ثواب  پچاس وقت کی نمازوں کا ہی ملے گا۔
    وہاں سے پھرسیڑھی سے اتر کر بیت المقدس تک آئے۔یہاں پھر سارے انبیا موجود تھے۔ فجر کی نماز پہلے کی طرح اداکی اور پھر براق پر سوار ہو کر مکہ مکرمہ واپس آ گئے۔یہ پورا سفر رات کے ایک حصے میں انجام پا گیا۔جب کہ مکہ سے بیت المقدس صرف جانے میں دومہینے لگتے تھے۔صبح کے وقت جب لوگوں سے اس کا تذکرہ کیا تو کوئی ماننے کو تیار نہیں تھا۔ابوبکر صدیق  ؓ نے ایک ترکیب کی۔ پوچھا حضور ﷺ آپ نے وہاں پر کیا دیکھا۔نبی  ﷺ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے پورا بیت المقدس میرے سامنے پیش کر دیا۔میں اسے دیکھتا تھا اور ہر چیز کے متعلق بتا دیتاتھا۔یہ سن کر وہ لوگ جوبیت المقدس جا چکے تھے سوچنے لگے کہ اگر یہ وہاں گئے نہیں تو اس کے متعلق بتا کیسے رہے ہیں۔آج کی طرح کا زمانہ تو تھا نہیں کہ پلک جھپکتے ایک جگہ کی خبر اور تصویر دوسری جگہ پہنچ جاتی ہے۔اللہ نے جن کو ہدایت دی وہ معراج کا واقعہ سن ایمان لے آئے۔جو ہدایت سے محروم رہے وہ صرف سوچتے ہی رہ گئے۔ہدایت اور عمل کی توفیق سے محروم رہے۔
    معراج کا یہ واقعہ انسانی تاریخ کا ایک ایسا معجزہ ہے جو حضرت محمد ﷺ کی عظمت ورفعت کی، اللہ تعالیٰ کی قدرت و حکمت کی،رشد و ہدایت اور نصیحت و موعظت کی زند ہ جاوید مثا ل ہے۔ڈیڑھ ہزار سال سے زیادہ گزر گئے لیکن اس کی یاد ہر سال تازہ کی جاتی ہے۔مگر افسوس یہ ہے کہ رجب کے مہینے میں معراج کا ذکر کرتے ہوئے سورہئ بنی اسرائیل(اسراء) میں جو احکامات اور ہدایات دی گئی ہیں اور جن کے سبب معراج کا واقعہ قیامت تک باقی اور زندہ رہے گا اُس کا کوئی ذکر نہیں کیا جاتا ہے۔معراج کے واقعے کو قصے کہانی کی طرح بڑے شوق سے سنایاجاتاہے اور حضور ﷺ کی شان میں بھی قصیدہ خوانی کی جاتی ہے، بلکہ اُسے خداکی نبی سے محبت کی ایسی نشانی بتائی جاتی ہے کہ حبیب اپنے محبوب سے ملنے کے لئے بیچین تھا، اس لئے زمین سے آسمان پر بلایا۔یعنی خدا کا زمین پر آکر اپنے محبوب سے ملنا ممکن نہ تھا اس لئے محبوب کو آسمان پر بلایا۔اور آسمان پر فرشتے گیت گا رہے تھے”بہارو پھول برساؤ مرا محبوب آیا ہے“۔یہ بات ایک خانقاہ کے ایک مجاور سے میں نے سنی”کہ جب یہ گانا بجتا ہے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ معراج کا ذکر ہو رہا ہے۔“۷۲/ رجب کو مسجدوں میں چراغاں تو کرتے ہیں لیکن رسول اللہ ﷺ کی سنت کے مطابق نہ تو زندگی گزارنے کے لئے آمادہ ہیں اور نہ شریعت کی پیروی کا کوئی ارادہ رکھتے ہیں۔صارمؔ کہتے ہیں 
نبیؐ سے تجھ کو محبت نہیں، تعجب ہے
خدا کے ذکر کی فرصت نہیں، تعجب ہے
تماشہ ہوتا ہے معراج کے بہانے سے
ذرا بھی شوق عبادت نہیں، تعجب ہے

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے