مرکز النوائط ابوظبی کے پچاس سال کی تکمیل پر پروقار تقریب ، محسنین کی تہنیت ،  تعلیمی ایوارڈس اور مختلف پروگراموں کا انعقاد

مرکز النوائط ابوظبی کے قیام کے پچاس سال کی تکمیل پر کل رات ابوظبی کنٹری کلب ابوظبی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جماعت کی پچاس سالہ خدمات پرروشنی ڈالی اور اس کے مختلف ادوار کو یاد کرتے ہوئے محسنین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اسی طرح ان محسنین کا بھی تذکرہ کیا گیا جنہوں نے جماعت کے قیام کے شروعاتی دنوں میں اس کے استحکام کے لیے اپنی بھرپور کوششیں صرف کیں اور کیمونیٹی کے اتحاد واتفاق کو قائم رکھنے کے لیے اپنی بے مثال خدمات پیش کیں۔ جماعت کی خدمات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی جس میں مختلف میدانوں میں جماعت کی خدمات کو سامنے لاکر جماعت کے استحکام کے لیے کی گئی کوششوں کا بھی تذکرہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ جنرل سکریٹری جناب آفتاب ایم جے صاحب نے نظامت کی ذمہ داری سنھبالی اور اجلاس کی صدارت جماعت کے سرپرست اور سابق صدر جناب عمر فاروق مصباح صاحب نے کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نوائط کیمونیٹی کی مشہور و معروف شخصیت جناب سید خلیل الرحمن ایس ایم ، انجمن حامی مسلمین کے صدر جناب یونس قاضیا اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری نے مرکز النوائط کی خدمات کو سراہتے ہوئے تمام ممبران کی خدمت میں مبارکبادی پیش کی۔ انہوں نے کیمونیٹی کے لیے پیش کی گئی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طئے کرنے اور اس سے بہتر انداز میں کام کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا۔ خصوصاً اس بات کا تذکرہ کیا گیا کہ ہماری کیمونیٹی کے بہت سے احباب دنیا کے مختلف ملکوں میں قیام پذیر ہیں لیکن ان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنے شہر اور کیمونیٹی کے لیے خدمات پیش کرنے کے لیے ہمیشہ آگے رہتے ہیں اور اس کے لیے دل و جان سے اپنی خدمات پیش کرتے ہیں جو بڑی خوش آئند بات ہے۔ اپنے شہر اور وطن سے دور رہ کر اپنی کیمونیٹی کے خدمت کے لیے قائم کسی بھی ادارہ کے پچاس سالہ خدمات کوئی معمولی بات نہیں ہے بلکہ یہ اس بات کی غماز ہے کہ قوم کی فلاح وبہبودی کے لیے مرکز النوائط ہمیشہ سے تیار ہے اور اس میدان میں آنے والے چیلنجس کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی وہ ہمہ وقت اپنی خدمات پیش کرنے کو اپنی سعادت سمجھتا ہے۔

پچاس سالہ اجلاس کے موقع پرتعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی درج کرنے والوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ اسی طرح جماعت کے کلیدی عہدوں اور انتظامیہ ممبران کی حیثیت سے اپنی گرانقدر خدمات پیش کرنے والوں کی خصوصی تہنیت کی گئی۔

پچاس سالہ اجلاس میں حاضرین کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیرنے کے لیے نتیش شیٹی کو مدعو کیا گیا جس کے مختلف مزاحیہ باتوں سے حاضرین نے لطف اٹھایا۔

آخر میں تمام حاضرین کے لیے ریفل ڈرا کا بھی اہتمام کیا گیا گیا تھا۔

اجلاس کا آغاز مولانا نعمان جوکاکو کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا ، انہوں نے نوائطی زبان میں بھٹکل کی تاریخ بھی بیان کی۔ اس کے بعد بھٹکل کے مرکزی اداروں کا تعارف انگریزی میں پیش کیا گیا جو مختصر مگر بہت جامع تھا۔

دعائیہ کلمات پر یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

یہ تقریب فکروخبر کے آفیشیل چینل ’’ Fikrokhabar TV‘‘ پر لائیو نشر کی گئی تھی۔ آپ بھی اس لنک کے ذریعہ یہ پروگرام دیکھ سکتے ہیں۔