کانگریس صدرملکارجن کھڑگے کا بیلٹ پیپر کی واپسی اور پچھلے دو سال کے اسمبلی انتخابات منسوخ کرنے کا مطالبہ

نئی دہلی میں بہار کے پہلے وزیر اعلیٰ شری کرشن سنگھ کی 139 ویں یوم پیدائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے انتخابی شفافیت اور ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی کے عمل پر سنگین سوالات کھڑے کیے۔ انہوں نے اس احتجاجی مہم کو ملک کے لیے آزادی کی دوسری لڑائی سے تعبیر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس عمل کو فوری روکا جائے، مستقبل کے تمام عام اور ریاستی انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے کرائے جائیں اور گزشتہ دو برسوں میں منعقد ہونے والے تمام اسمبلی انتخابات کالعدم قرار دیے جائیں۔ کانگریس صدر نے الزام لگایا کہ انتخابی فہرستوں میں ردوبدل کر کے اپوزیشن کے حمایتی طبقات، اقلیتوں اور کمزور طبقوں کے ووٹ دانستہ طور پر حذف کیے جا رہے ہیں، جس سے آئینی روح مجروح ہو رہی ہے۔

ملکارجن کھڑگے نے بی جے پی اور آر ایس ایس کی نظریاتی حکمت عملی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس تقسیم پسندانہ سوچ نے ملک کے سماجی تانے بانے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال، ہریانہ، بہار اور مہاراشٹر جیسے خطوں میں غیر شفاف طریقوں اور مبینہ ووٹ چوری کے ذریعے اقتدار کے نتائج کو متاثر کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو دیا گیا حقِ رائے دہی ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، پنڈت نہرو اور دیگر قومی رہنماؤں کی طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے، جس نے بلا تفریق مذہب، ذات اور جنس ہر فرد کو برابری کا وقار بخشا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شہریوں کے آئینی اختیارات پر قدغن لگانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

اپنے خطاب کے دوران کانگریس صدر نے چیف الیکشن کمشنر کے انتخاب کے طریقہ کار میں لائی گئی قانونی تبدیلیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ روایتی طور پر سلیکشن پینل میں چیف جسٹس آف انڈیا، وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف شامل ہوا کرتے تھے تاکہ انتخاب غیر جانبدارانہ رہے، مگر موجودہ حکومتی قانون نے چیف جسٹس کو کمیٹی سے نکال کر ایک مرکزی وزیر کو شامل کر دیا جس سے حکمران جماعت کو مستقل عددی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ کھڑگے کے مطابق یہ اقدام انتخابی کمیشن کی آزادی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے عوام کو آئین کے تحفظ، بنیادی حقوق کی بقا اور جمہوری اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے پرامن اور منظم آواز بلند کرنے کی دعوت دی۔

شیئر کریں۔