بھٹکل : طلبہ میں مطالعۂ کتب کے سلسلے میں مکتب جامعہ اسلامیہ نوائط کالونی میں ہمیشہ سے زور دیا گیا اور اس سلسلے میں ہر سال نت نئی کوششیں ہوتی رہی ہیں،یہی وجہ ہے کہ یہاں کے طلبہ جامعہ آباد میں مطالعۂ کتب کے مقابلوں میں ہمیشہ اول رہے ہیں۔
اس کو مزید منظم بنانے کے لیے مکتب جامعہ نوائط کالونی میں ایک خوب صورت اور پرکشش لائبریری کا نظم کیا گیا۔جس میں کتابوں کے علاوہ درودیوار،الماری اور نشستوں کا اہتمام بھی بچوں کے ذوق و شوق کے مطابق بنایا گیا۔ اس موقع پر ذمہ داران جامعہ ناظم جامعہ مولانا طلحہ صاحب ندوی مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد صاحب ندوی اور جملہ مکاتب کے ذمہ دار مولانا افضل صاحب ندوی اور رکن عاملہ مولانا الیاس صاحب ندوی ،مولانا خلیل الرحمن منیری وغیرہ نے شرکت کی اور اپنے مفید تاثرات سے نوازا اور اس اقدام پر مبارک باد پیش کی۔
صدر مدرس مکتب جامعہ نوائط کالونی مولانا سید فضل الرحمن صاحب برماور ندوی نے مکتب کی طرف سے مطالعۂ کتب کے سلسلے میں بنائی گئی ترتیب کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سوم سے پنجم تک ہر ہفتے اردو کا ایک گھنٹہ لائبریری میں ہوگا اور طلبہ کو ہر دن مطالعۂ کتب مضمون کا جز قرار دیا جائے گا۔انھوں نے بتایا کہ مکتب میں یہ ترتیب کئی مدت سے جاری ہے۔ مزید یہ کہ اس لائبریری کے تحت سہ ماہی مقابلے بھی درجہ وار ہوں گے۔
اس لائبریری کی انفرادیت میں یہ بھی ہے کہ یہاں اطفال(ایل کے جی) سے پنجم مکتب کے ہر طالب علم کے لیے فائدہ اٹھانے کا موقع ہے اور ان کی سطح کے مطابق کتابیں اور دیگر کئی نشاطات ہیں۔
ذمہ داروں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ سلسلہ ہر مکتب میں جاری ہوگا اور دوسرے مکاتب میں بھی ایسی ہی شاندار لائبریریوں کا نظام عمل میں آئے گا۔