بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل کے مدینہ کالونی کے رہائشیوں کو درپیش بنیادی مسائل، خصوصاً سڑکوں کی ابتر حالت، نالیوں میں کچرا جمع ہونے اور اسٹریٹ لائٹس کے بند رہنے کے سلسلے میں ‘مدینہ ویلفیئر سوسائٹی (رجسٹرڈ) بھٹکل’ نے میونسپلٹی اور متعلقہ اعلیٰ حکام کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کر کے فوری کارروائی کا شدید مطالبہ کیا ہے۔
سوسائٹی کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر (بھٹکل سب ڈویژن)، پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (PWD) کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کو دیئے گیے اس میمورنڈم میں نشاندہی کی گئی ہے کہ مدینہ کالونی کی مرکزی سڑک اور 1st، 2nd اور 3rd کراس روڈز پر بڑے بڑے گڑھے بن چکے ہیں۔ بارش کے موسم میں سڑکوں پر گندا پانی جمع ہو جاتا ہے، جس سے نہ صرف گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ عام شہریوں اور خواتین کو چلنے پھرنے میں شدید دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔ سڑکوں سے گزرنے والی گاڑیوں سے گندا پانی اچھل کر لوگوں کے کپڑوں کو بھی رنگین کررہا ہے۔ جس سے عوامی غصہ بڑھ رہا ہے۔
اس موقع پر ڈرائیوروں نے شید غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی غیر یقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسے سڑک ہی نہیں کہا جاسکتا۔ بیماروں کو اس سڑک سے لے جانے کی صورت میں بیماری بڑھنے کا امکانات نہیں بلکہ یقینی ہے۔ ہر جگہ جگہ گڈھے اور وہاں سے گزرنا دشوار ، ایسے محسوس ہورہا ہے کہ ہم کسی پہاڑی راستے سے گزررہے ہوں۔ انہوں نے سڑک کی اس ابتر حالت پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور جلد اس کی درستگی پر زور دیا۔
میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ 1st، 2nd اور 3rd کراس کی نالیوں کی بارش سے پہلے صفائی نہ کیے جانے کی وجہ سے ان میں مٹی، پتھر اور کچرا جمع ہو چکا ہے۔ اس کی وجہ سے بارش کا پانی نالیوں سے باہر نکل کر سڑکوں اور نجی املاک میں داخل ہو کر نقصان پہنچا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، ان تینوں کراس روڈز پر نصب اسٹریٹ لائٹس کافی عرصے سے بند پڑی ہیں اور ان کی مرمت نہیں کی گئی ہے۔
مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کے ذمہ داران نے تمام متعلقہ حکام اور انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مدینہ کالونی کی سڑکوں کی فوری ڈامر بندی و مرمت کی جائے، نالیوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور بند پڑی اسٹریٹ لائٹس کو جلد از جلد درست کر کے عوام کو درپیش مشکلات سے راحت فراہم کی جائے۔




