کمٹہ میں لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے ٹریفک متأثر ، ڈرائیوروں کو محتاظ رہنے کی ہدایت

کمٹہ(فکروخبرنیوز) اتر کنڑا ضلع کے تعلقہ کمٹہ میں قومی شاہراہ 766E  پر واقع دیوی مانے گھاٹ میں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں مٹی اور مٹی کے تودے شاہراہ پر آ گرنے سے کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ گھاٹ کے علاقے میں رات بھر ہونے والی شدید بارش کے بعد پیش آیا، جہاں پہاڑی کا ایک حصہ دھسنے کی وجہ سے سڑک پر بڑی مقدار میں کیچڑ اور مٹی جمع ہو گئی۔ اس سے سڑک سے گزرنے والے مسافروں اور ڈرائیوروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی کیونکہ پہاڑی پر مزید مٹی کے کھسکنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام اور سڑک کی کشادگی کے کام میں مصروف RNS کمپنی کے اہلکار اور مزدور فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ ٹیموں نے بھاری مشینری کی مدد سے سڑک پر پھیلا ملبہ اور کیچڑ صاف کر کے ٹریفک کی منقطع آمدورفت کو دوبارہ بحال کر دیا۔

فی الوقت دیوی مانے گھاٹ کا متاثرہ حصہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، تاہم مسلسل جاری بارش اور مزید لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات کے پیش نظر گھاٹ والے راستے سے گزرنے والے ڈرائیوروں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل بھی اسی مقام پر ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جس نے شدید بارشوں کے دوران اس ساحلی و گھاٹ خطے میں سڑکوں کی حفاظت پر دوبارہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

شیئر کریں۔