کویت: 100 گھروں پر کرپٹو کرنسی مائننگ کا شبہ، وزارت بجلی کی کارروائی جاری

(فکرروخبر/ذرائع)کویتی وزارت بجلی و پانی کی ترجمان انجینئر فاطمہ جوہر حیات نے انکشاف کیا ہے کہ الوفرہ علاقے میں ایسے 100 گھروں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں کرپٹو کرنسی مائننگ کی مشتبہ سرگرمیاں جاری ہیں۔

کویتی روزنامہ الرای کے مطابق، وزارت نے برقی نظام کی پائیداری یقینی بنانے کے لیے حالیہ دو ہفتوں میں مختلف علاقوں میں بجلی کے استعمال کا جائزہ لیا، جس دوران بعض گھروں میں غیر معمولی حد تک بجلی کے استعمال کا انکشاف ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ ان گھروں میں بجلی کا استعمال نہ صرف بہت زیادہ ہے بلکہ اس کا انداز بھی روایتی گھریلو استعمال سے مختلف ہے—یعنی یہ استعمال دن، رات اور موسموں کے اعتبار سے اتار چڑھاؤ کے بجائے مسلسل بلند سطح پر رہتا ہے، جو کرپٹو کرنسی مائننگ کی علامت ہو سکتی ہے۔

وزارت کے مطابق، مارچ 2025 کے دوران کچھ گھروں میں بجلی کا استعمال ایک لاکھ کلو واٹ سے تجاوز کر گیا، جو آس پاس کے گھروں کے مقابلے میں بیس گنا زیادہ ہے۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کا دانشمندانہ استعمال کریں اور وزارت کی تفتیشی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ وہ بجلی کے غیر مجاز اور بے جا استعمال کے خلاف سخت قانونی کارروائی سے گریز نہیں کرے گی۔

سیلفی کا جنون: مصر میں چار نوجوان دریائے نیل میں ڈوب گئے،

بی جے پی ایم پی نشی کانت دوبے کیخلاف احتجاج، سپریم کورٹ میں پٹیشن