کمٹہ (فکروخبر نیوز) ضلع اترا کنڑ کے اہم تعلقہ کمٹہ سے ایک انتہائی تشویشناک اور خوفناک ویڈیو سامنے آیا ہے، جہاں مونسون کی پہلی بارش کے ساتھ ہی مناسب ڈرینیج (نکاسی آب) کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے سڑکیں ندی کا روپ دھار چکی ہیں۔ اس دوران تعلقہ کے نیلیکیرے کالج کے قریب سڑک پار کرنے کی کوشش کے دوران ایک طالبہ پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آکر گر گئی اور بہنے لگی۔ خوش قسمتی سے وہاں موجود مقامی لوگوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے طالبہ کو بحفاظت پانی سے باہر نکال لیا، جس کی وجہ سے ایک بڑا اور دردناک حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا۔ اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس نے والدین اور مقامی شہریوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق اس بھیانک صورتحال کی اصل وجہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) اور تعمیراتی کمپنی ‘آئی آر بی’ (IRB) کی غیر سائنسی اور ناقص تعمیرات ہیں۔ ہائی وے کے آس پاس بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے کوئی منظم نالی نہیں بنائی گئی ہے۔ دوسری طرف کمٹہ میونسپلٹی نے بھی مونسون سے قبل کیے جانے والے احتیاطی اقدامات کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا۔ انتظامیہ کی اس سنگین لاپرواہی کے خلاف عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ مقامی ایم ایل اے (ممبر اسمبلی) کی رہائش گاہ کے بالکل قریب پیش آیا ہے۔ شہریوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کیا عوامی نمائندوں کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ مونسون میں سڑکوں پر اس طرح پانی بھر جائے گا؟ والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول و کالج بھیج کر شام تک شدید خوف اور ذہنی تناؤ میں مبتلا رہتے ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر مستقبل میں کسی طالب علم کے ساتھ کوئی ناخوشگوار حادثہ پیش آیا، تو اس کی براہِ راست ذمہ داری مقامی عوامی نمائندوں، میونسپل انتظامیہ اور متعلقہ محکموں پر ہوگی۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر بیدار ہو اور طلبہ کے تحفظ کے لیے مستقل حل تلاش کرے۔




