عزمِ مصمم اور مسلسل محنت سے ہی بڑی کامیابی ممکن : ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا
کاروار (فکروخبر نیوز) "انسان اپنے عزمِ مصمم، خود اعتمادی اور مسلسل محنت کے بل بوتے پر کسی بھی شعبے میں اعلیٰ ترین کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔” ان خیالات کا اظہار اتر کنڑا کی ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کے لکشمی پریا نے کیا۔ وہ جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر دفتر کے ہال میں ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت اور محکمہ پری یونیورسٹی کے اشتراک سے سیکنڈ پی یو سی (II PUC) کے امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے ضلع کے ٹاپرس طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ ایک پروقار تہنیتی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا نے موجودہ دور کے چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کل نوجوان نسل تیزی سے بری عادتوں کا شکار ہو رہی ہے۔ ایسے ماحول میں تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کرنا قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کی اس کامیابی کے پیچھے والدین اور اساتذہ کی بہترین رہنمائی شامل ہے۔ ڈی سی نے محکمہ پری یونیورسٹی ایجوکیشن، ہیسکام (HESCOM)، محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے تعلیمی سال کے دوران طلبہ کو سازگار ماحول اور سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے طلبہ کو مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آگے بھی اسی طرح محنت جاری رکھیں اور اپنے والدین اور ضلع کا نام روشن کریں۔
اس موقع پر اعزاز حاصل کرنے والے طلبہ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور اپنی کامیابی کا سہرا اساتذہ اور والدین کے سر باندھا۔ طلبہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ زندگی میں ڈسپلن اور اعلیٰ اقدار کو اپنا کر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔




