بھٹکل/بنگلورو (فکروخبرنیوز) کرناٹک میں ووٹر لسٹوں کی ‘اسپیشل انٹینسو رویژن’ (SIR) 2026 کے تحت جاری کردہ نوٹسز کی سماعت کے حوالے سے چیف الیکٹورل آفیسر (CEO) کرناٹک نے ایک بڑا اور اہم فیصلہ لیتے ہوئے بیرونِ ہند میں مقیم (NRI)، معمر، معذور اور بیمار ووٹرز کو بڑی راحت دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے نئے احکامات کے مطابق اب ان تمام زمروں سے تعلق رکھنے والے ووٹرز کو الیکشن رجسٹریشن آفیسر (ERO) یا اسسٹنٹ الیکشن رجسٹریشن آفیسر (AERO) کے دفتر میں ذاتی طور پر حاضر ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ ان کے خاندان کا کوئی بھی بالغ رکن ان کی جگہ پیش ہو کر مطلوبہ دستاویزات اور معلومات جمع کروا سکتا ہے۔
11 ستمبر کو چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر ایس یوگیشور کے دستخط سے جاری کردہ دفتری یادداشت میں تمام ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرز، ڈپٹی کمشنرز، گریٹر بنگلورو اتھارٹی اور بی بی ایم پی الیکشن کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام EROs اور AEROs کو اس پر فوری عمل درآمد کے احکامات جاری کریں۔
واضح رہے کہ ساحلی کرناٹک خصوصاً بھٹکل، منگلورو، اڈپی، ہوناور، کمٹہ اور کاروار جیسے علاقوں کے ہزاروں افراد روزگار و تعلیم کے سلسلے میں بیرونِ ملک مقیم ہیں۔ ووٹر لسٹ کی شفافیت اور نظرِ ثانی کے نام پر جاری ہونے والے نوٹسز کے باعث این آر آئیز اور ان کے اہل خانہ میں شدید تشویش پائی جا رہی تھی، کیونکہ قلیل مدت میں بیرونِ ملک سے ہندوستان پہنچ کر الیکشن افسران کے سامنے حاضری دینا ناممکن تھا۔ بھٹکل کی معروف سماجی تنظیم مجلسِ اصلاح و تنظیم اور دیگر ملی و سماجی اداروں نے بھی اس سلسلے میں حکام کو یادداشت پیش کر کے اس مشکل کا حل نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے جہاں ہزاروں خلیجی و تارکینِ وطن کو ریلیف ملا ہے، وہیں ضعیف اور معذور ووٹرز کو بھی دفاتر کے چکر کاٹنے اور لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی زحمت سے نجات مل گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ منعقد ہونے والی ہفتہ وار میٹنگوں میں اس ضابطے اور عمل کو مزید واضح کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی گمراہی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




