منگلورو/سرسی (فکروخبرنیوز) ریاست کرناٹک کے ساحلی اور ملناڈ اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سڑک حادثات کے تین الگ الگ واقعات پیش آئے، جن میں دو افراد کی جان چلی گئی جبکہ ایک خاتون زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ تیز رفتاری اور لاپرواہی ان حادثات کی بنیادی وجہ بتائی جا رہی ہے۔
ضلع دکشینا کنڑا کے اپینا انگڑی کے قریب اتوار کی دوپہر ایک تیز رفتار کار نے بائیک کو زوردار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 59 سالہ سدانند آچاریہ موقع ہلاک ہو گئے۔ متوفی بیلتنگڈی کے ارسینا مکی میں ایک زرعی کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی میں ملازم تھے۔ حادثے میں ان کی اہلیہ اوشا شدید زخمی ہوئیں، جنہیں منگلورو کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ پتور ٹریفک پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
دوسرا حادثہ ضلع اترا کنڑ کے منڈگوڈ کا ہے جہاں اسٹیٹ ہائی وے 69 پر ایک اور دلدوز حادثہ پیش آیا۔ ضلع ہاویری سے تعلق رکھنے والا 30 سالہ نوجوان مالتیش نگراد اپنی بائیک پر جا رہا تھا کہ سامنے سے آنے والی ایک بے قابو بولیرو گاڑی نے اسے کچل ڈالا۔ عینی شاہدین کے مطابق بولیرو ڈرائیور ملکارجن انتہائی لاپرواہی سے گاڑی چلا رہا تھا اور غلط سمت میں جا کر بائیک سے ٹکرا گیا۔ پولیس نے ڈرائیور کے خلاف کیس درج کر لیا ہے۔
تیسرا حادثہ ضلع اترا کنڑ کے شہر سرسی کا ہے جہاں اتوار کی شام ایک کار بے قابو ہو کر بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی۔ یہ حادثہ ایم ای ایس (MES) کالج کے قریب ایک موڑ پر پیش آیا۔ اگرچہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کا اگلا حصہ مکمل تباہ ہو گیا، لیکن خوش قسمتی سے ڈرائیور معمولی چوٹوں کے ساتھ معجزاتی طور پر محفوظ رہا۔




