بنگلورو(فکروخبر نیوز) کرناٹک میں جنوب مغربی مانسون ایک بار پھر سرگرم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ محکمہ موسمیات (IMD) اور کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سینٹر (KSNDMC) نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ پانچ دنوں کے دوران ریاست کے ساحلی علاقوں میں مانسون کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس دوران اترا کنڑا، اڈپی اور دکشن کنڑا اضلاع میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے، جبکہ بنگلورو سمیت ریاست کے 13 اضلاع میں تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز تک ریاست کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا اور فضا میں نمی کا تناسب بڑھا رہے گا، جس کے نتیجے میں ساحلی اور جنوبی اندرونی اضلاع میں درجۂ حرارت میں معمولی کمی واقع ہونے اور موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ سمندر میں اونچی لہروں اور ساحلی علاقوں میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کے پیش نظر ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے گریز کرنے اور تمام متعلقہ افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح ملناڈ کے علاقوں، خصوصاً کوڈگو اور ہاسن میں بھی بارش کا سلسلہ برقرار رہنے کی توقع ہے۔
دریں اثنا بنگلورو اربن، بنگلورو رورل، ٹمکور، چتردرگ، داونگیرے، وجئے نگر، بلاری، کولار، چکبالاپور، رام نگر، مانڈیا، میسور اور چامراج نگر اضلاع میں شام اور رات کے اوقات میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خاص طور پر کیلے اور سپاری کے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کریں۔ رپورٹ کے مطابق شمالی اندرونی کرناٹک کے بیشتر علاقوں میں بھی آئندہ چند روز تک موسم ابر آلود اور نسبتاً ٹھنڈا رہنے کا امکان ہے۔




