کرناٹک : گدگ میں بال بنوانے کے انکار کے بعد دلتوں کے لیے نیا سیلون قائم

گدک : کرناٹک حکومت نے ضلع گدگ کے شنگتالور گاؤں میں دلت برادری کو بال بنوانے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک نیا سیلون قائم کر دیا ہے، جب مبینہ طور پر اونچی ذات کے بعض افراد کی جانب سے انہیں حجامت کی خدمات دینے سے انکار کیا جا رہا تھا۔ سوشل ویلفیئر محکمہ کے ذرائع نے جمعرات کو اس کی تصدیق کی۔

محکمہ کے مطابق گاؤں میں دلت افراد کو ہر سال ایک مخصوص عرصے کے دوران کئی برسوں سے بال کٹوانے کی خدمات سے محروم رکھا جا رہا تھا، جس کے باعث انہیں ہمسایہ دیہات کا رخ کرنا پڑتا تھا۔

متاثرہ افراد کی جانب سے شکایات اور نمائندگی کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مداخلت کرتے ہوئے مسئلے کے مستقل حل کے اقدامات کیے۔

یہ سیلون سوشل ویلفیئر محکمہ، تعلقہ انتظامیہ، تعلقہ پنچایت، دلت تنظیموں کے اتحاد اور شیواشارنا ہاڈپڈا اپنا کیمونیٹی کے باہمی تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پڑوسی گاؤں ٹیپاپور کے بسواراج ہڈاپاڈا کو شنگتالور میں حجام کی خدمات انجام دینے کے لیے دکان الاٹ کی گئی ہے۔

محکمہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام "چھوا چھوت کے خاتمے اور ہم آہنگ بقائے باہمی پروگرام” کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور بنیادی سہولیات تک مساوی رسائی یقینی بنانا ہے۔

اطلاعات کے مطابق گاؤں میں یہ عقیدہ پایا جاتا تھا کہ مہانومی کے موقع پر ویرا بھدریشورا سوامی ہڈاپاڈا برادری کے گھروں کا دورہ کرتے ہیں اور اس دوران دلتوں کے بال کاٹنا نحوست کا سبب بنتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی توہم پرستی کو بنیاد بنا کر بعض افراد نے دلتوں کو خدمات فراہم کرنا بند کر دی تھیں۔

شکایات موصول ہونے کے بعد حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مستقل حل کو یقینی بنایا۔ سیلون کا باقاعدہ افتتاح سرکاری عہدیداروں اور مقامی افراد کی موجودگی میں کیا گیا۔