بلاری (فکروخبرنیوز) کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے ضلع بلاری کے سنڈور تعلقہ کا دورہ کر کے قحط سالی اور خشک سالی کی صورتحال کا خود معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ کسانوں کے کھیتوں میں جا کر مکئی کی تباہ شدہ فصلوں اور نقصان کا جائزہ لیا۔
کسانوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اس مشکل وقت میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قحط سالی سے متاثرہ کسانوں کو فوری راحت پہنچانے کے لیے پہلے مرحلے میں 1250 کروڑ روپے کی امداد فراہم کرنے کا اہم فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے تمام ممکنہ مسائل حل کرنے اور ہر ممکن مالی تعاون فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔




