بنگلورو(فکروخبرنیوز) کرناٹک میں اردو اور مراٹھی زبان کے اساتذہ کی کمی دور کرنے کی سمت ریاستی حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 800 اردو اور 200 مراٹھی اساتذہ کی بھرتی کو منظوری دے دی ہے۔ ریاستی کابینہ کے اس فیصلے سے اردو میڈیم اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنے والے طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کو بڑی راحت ملنے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ ریاست میں حالیہ اساتذہ بھرتی کے عمل میں اردو اور دیگر اقلیتی زبانوں کی اسامیوں کو شامل نہ کیے جانے پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ اردو بچاؤ تحریک، ایس ڈی پی آئی ، آئیٹا سمیت مختلف اقلیتی تنظیموں اور عوامی نمائندوں نے حکومت سے اردو اساتذہ کی خالی اسامیوں کو پُر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں وفود نے اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے اور وزیر تعلیم مدھو بنگارپا سے ملاقات کرکے یادداشتیں بھی پیش کی تھیں، جبکہ رکن اسمبلی کنیز فاطمہ نے بھی اردو اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کا مسئلہ حکومت کے سامنے زور دار انداز میں اٹھایا تھا۔ معاملہ کرناٹک ہائی کورٹ کی دھارواڑ بنچ تک بھی پہنچا تھا۔
حکومت کی جانب سے 800 اردو اساتذہ کی تقرری کی منظوری کو ان مسلسل مطالبات کے بعد ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم، تعلیمی اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ریاست میں اردو میڈیم اسکولوں اور اداروں کی بڑی تعداد کے پیش نظر 800 اساتذہ کی تعداد اب بھی ناکافی ہے۔ ان حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ مرحلے میں مزید خالی اسامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اردو اساتذہ کی بھرتی میں اضافہ کیا جائے، تاکہ اردو میڈیم طلبہ کو معیاری اور مسلسل تعلیم کی سہولت فراہم ہوسکے۔




