کامیابی کے اصول سب کے لیے برابر ہیں!

نقی احمد ندوی، ریاض، سعود ی عرب

کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ  لوگ آپ کے مرنے کے بعد آپ کو کسطرح یاد کریں گے اور یاد بھی کریں گے یا نہیں؟ یا آپ بھی ہزاروں اور لاکھوں لوگوں کی طرح اس بھیڑ میں گم ہوجائیں گے جو اس دنیا میں آئے اور چلے گئے۔ زندگی صرف ایک بار ملتی ہے اور وہ بھی بہت مختصر اور ناقابلِ اعتبار، زندگی کا ہر ورق انمول اور اس کا ہر صفحہ قیمتی ہے، جو لمحہ گزر گیا وہ واپس آنے والا نہیں اور جو آیا نہیں اس کو کوئی روکنے والا نہیں۔ اس ماضی اور مستقبل کے درمیان ایک حال ہے، اس کا صحیح اور دانشمندانہ استعمال آپ کی زندگی کی کایا پلٹ سکتا ہے۔ جس نے بھی اس کی اہمیت اور حقیقت کو جانا اس کے قدموں میں دولت، شہرت اور عزت آگری اور جس نے بھی اسے پہچاننے سے انکار کردیا، ناکامی، نامرادی او ر پشیمانی اسے ہاتھ آئی۔
اس دنیا میں تین قسم کے لوگ پائے جاتے ہیں۔ ایک وہ جو کچھ کر دکھاتے ہیں، دوسرے وہ جو کسی کو کچھ کرتے ہوئے دیکھتے ہیں اور دنگ رہ جاتے ہیں، تیسرے وہ جن کو کچھ پتہ ہی نہیں ہوتا کہ کیا ہوا؟
انسان کے لیے قدرت کا سب سے عظیم تحفہ یہ ہے کہ وہ اپنی زندگی کو جیسی چاہے گزارے، اس کا اسے اختیار ہے۔ ہر انسان اپنی زندگی کی فلم کا خود ہی ڈائریکٹر، رائٹر اورکمپوزرہے۔ مگر ساتھ ہی قدرت کا یہ قانون بھی ہے کہ انسان جو بوئے گا وہی کاٹے گا، ایکشن کا رِی ایکشن اور عمل کا ردِ عمل لازمی ہے، اس میں امیر غریب، کالے گورے، ہندومسلم یا شیعہ سنی کا کوئی فرق نہیں۔ فطرت کے اصول سب کے لیے برابر اور یکساں ہیں۔
موسموں کی تبدیلی، بیماریوں کا لاحق ہونا، حادثات کا وقوع، قدرتی آفات اور ناگہانی واقعات، زندگی میں اتار چڑھاؤ اور نشیب و فراز یہ سب فطری ہیں اور یہ دنیا میں ہر جگہ اور ہر آدمی کے لیے یکساں ہیں، موسم کسی خوبصورت حسینہ کو دیکھ کر انگڑائی نہیں لیتا، بیماری کسی امیر شہزادے کو دیکھ کر اپنا راستہ نہیں بدلتی، قدرتی آفتیں کسی خاص قوم اور شہر کاحصہ نہیں، رنج و غم اور خوشی و مسرت رنگ و نسل اور زبان و مذہب کی تفریق نہیں کرتیں، انہیں حالات میں کچھ لوگ ترقی اور کامیابی کے نقطہئ عروج پر پہنچ جاتے ہیں اور کچھ لوگ زندگی بھر کفِ افسوس ملتے رہتے ہیں۔
آپ نے کسانوں کو فصل اگاتے ضرور دیکھا ہوگا! اگر کسان فطرت کے اصولوں پر عمل نہ کرے تو وہ کبھی فصل نہیں کاٹ سکتا اور فطرت جس طرح سہل، سادہ اور ہمہ گیر ہے اسی طرح فطرت کے اصول بھی ہیں۔ یہ فطری اصول کسانوں اور کاشتکاروں کو خوب معلوم ہیں لہٰذا وہ ان پر عمل کرکے انتہائی آسانی کے ساتھ اپنی فصلیں کاٹتے ہیں، فصل لگانے اور کاٹنے کے حسب ذیل اصول ہیں:
٭    فصل کاٹنے سے پہلے فصل بونا ضروری ہوتا ہے: یہ تو سبھی کو معلوم ہے کہ جب تک مٹی میں بیج نہ ڈالا جائے، کچھ نہیں ہوگا۔ بعینہٖ اسی طرح اگر ہم اپنی زندگی کا کوئی ہدف اور مقصد طے نہیں کرتے تو کچھ نہیں ہوگا۔ کسان فصل اگاتا ہے اور رسک اٹھاتا ہے، اسے نہیں پتہ کہ وہ فصل کاٹ بھی پائے گا یا نہیں۔ پتہ نہیں کون سی آفت اس کی کھیتی کو تباہ کردے مگر پھر بھی وہ رسک لیتا ہے۔ اسی طرح زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے رسک لینا ضروری ہوتا ہے۔
٭    جو ہم بوتے ہیں وہی کاٹتے ہیں: کسان اچھی طرح جانتا ہے کہ زمین میں چاول کا بیج ڈال کر گیہوں نہیں کاٹ سکتا، لہٰذا اسے جو فصل چاہیے اسی کا بیج ڈالتا ہے، آپ بھی انجینئرنگ پڑھ کر ڈاکٹر نہیں بن سکتے۔ دینی و مذہبی کتابیں پڑھ کر سائنسداں نہیں بن سکتے، عربی پڑھ کر فرنچ اور فرنچ پڑھ کر عربی نہیں بول سکتے، لہٰذا جو آپ پڑھیں گے، نتیجہ بھی اسی کا آئے گا۔
جتنا ہم بوتے ہیں اس سے کئی گنا پاتے ہیں: آم کے ایک بیج کو زمین میں لگایا جاتا ہے، جب آم کا پیڑ پھل دیتا ہے تو ہزاروں آم ہر سال پیدا ہوتے ہیں۔ مکئی کا ایک دانہ زمین میں ڈالا جاتا ہے اور مکئی کے ہزاروں دانے ملتے ہیں، زندگی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ آپ جو تعلیم حاصل کرتے ہیں، اس سے کئی گنا زیادہ اللہ تعالیٰ دولت، شہرت اور عزت عطا کرتا ہے، قدرت کی سخاوتیں اور فیاضیاں ایک کے بدلے ہزاروں اور سو کے بدلے لاکھوں دیتی ہیں۔
٭    بیج بونے اور فصل کاٹنے کے درمیان وقفہ ہوتا ہے: ایک کسان بیج ڈالنے کے بعد بیٹھ نہیں جاتا، وہ اپنے پودوں کی مسلسل پرورش کرتا ہے، اس کی حفاظت وصیانت کرتا ہے اور پودے کے بڑے ہونے اور پھر اس کے پھل دینے کا انتظار کرتا ہے۔ کامیابی حاصل کرنے کے لیے بھی ہمیں اپنے مقصد اور مشن کے لیے مسلسل جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ ہر روز اس کے لیے مشقت اور جانفشانی اٹھانی پڑتی ہے اور ایک مدت تک انتظار کرنا پڑتا ہے تب کہیں جاکر محنت کا پھل سامنے آتا ہے۔ کسی بھی شعبہ میں کامیابی راتوں رات نہیں ملا کرتی، بلکہ وہ ایک طویل مدت تک مسلسل تگ و دو اور عمل پیہم کا نتیجہ ہوتی ہے۔
کامیابی کے بھی یہی اصول ہیں اور ان اصولوں پر جو بھی عمل کرے گا وہ کامیاب ہوگا۔ مان لیجیے آپ کو امریکہ جانا ہے، اگرآپ نے رات بھر نماز پڑھی، سفر کی کامیابی کی رو رو کر دعا مانگی اور صبح ایئر پورٹ پر پہنچے اور لندن کی فلائٹ پر بیٹھ گئے تو کیا آپ امریکہ پہنچ جائیں گے؟ ہرگز نہیں۔ اس طرح زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے جو اصول و ضوابط ہیں ان پر کوئی بھی عمل کرے گا خواہ وہ ظالم ہو، مشرک و کافر ہو یا ملحد ہو کامیاب ضرور ہوگا۔ غور کرنے کی بات ہے کہ اگر زندگی میں دولت و شہرت اور عزتصرف عبادت و ریاضت سے ملا کرتی تو مسجدوں کے امام، کلیساؤں کے پادری اور مندروں کے پجاری سب سے زیادہ امیر، خوشحال اور کامیاب ہوتے۔ اگر دنیا کی کامیابی پوجا پاٹ، گیتا اور رامائن کے اشلوک پڑھنے، بائبل اور قرآن کی تلاوت کرنے اور مسجد، مندر اور کلیسا کا چکر لگانے پر منحصر ہوتی تو آج امبانی، ٹاٹا برلا اور بل گیٹس کشکولِ گدائی لے کر کسی عبادت حانے کے سامنے کھڑے نظر آتے، جس طرح روحانی ترقی اور معراج کے اپنے اصول اور طریقے ہیں اسی طرح دنیاوی ترقی کے بھی نمایاں فطری اصول موجود ہیں، جن کو اختیار کرنا کامیابی و کامرانی کی ضمانت ہے۔
دنیا کا کوئی شعبہ ہو، سیاست کا میدان ہو یا تجارت کا، تعلیم کا شعبہ ہو یا کھیل کا، سماجی خدمت ہو یا خالص دینی اور مذہبی نشرواشاعت کا مشن، ہر ایک میں کامیابی کے اصول سبھی لوگوں کے لیے برابر ہیں، اسمیں مذہب اور دین کا کوئی دخل نہیں، اس کو دوسرے لفظوں میں آپ یوں کہہ سکتے ہیں کہ یہ سب طبعی اور فطری قوانین ہیں۔ ان پر جوبھی عمل کریگا اس کو اسکا رزلٹ ملے گا۔ 
 کسی بھی فرد یا جماعت یا ادارہ یا قوم کے لیے کامیابی اور کامرانی مقاصد کے تعین، ان کے حصول کی مسلسل کوشش، اپنے مشن سے لگاؤ اور سچی محبت، اپنی ہر حرکت اور ہر عمل کی پوری ذمہ داری لینے، شکوہ و شکایات کی عادت چھوڑنے، منفی بات، خیالات اور افراد سے دور رہنے، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے، مواقع اور وقت کا صحیح استعمال اور ایک مخصوص جہت اور ڈائرکشن میں چلتے رہنے پر منحصر ہے، اپنے مقصد و ہدف کی سچی چاہت، اپنی صلاحیت و قابلیت اور وسائل و ذرائع پر مکمل بھروسہ اور اعتماد اور اس کے حصول میں ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار رہنا اور چاہے جیسے بھی سخت اور سنگین حالات ہوں اپنے مشن اور مقصد سے نہ ہٹنا اور ہمت نہ ہارنا یقینا کامیاب لوگوں  اور کامیاب قوموں کی علامتیں اور صفات ہیں اور کسی بھی شعبہ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ان اوصاف و خصائص کو اختیار کرنا نہ صرف ضروری ہے بلکہ ان کے بغیر کوئی بھی شاندار کامیابی حاصل کرنا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔ اور یہی کامیابی کے آفاقی اور ابدی اصول ہیں۔

مضمون نگار کی رائے سے ادارہ کا متفق ہوناضروری نہیں ہے 

 

«
»

’اندھیر نگری، چوپٹ راجہ‘… نواب علی اختر

یہ کیا،میرے ملک کا دستور ہوگیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے