الوداع اے امجد خطیب.

تحریر – مولانا محمد نعمان  اکرمی ندوی

(رفیق فکر و خبر)

جناب محمد امجد صاحب خطیب مرحوم ہوگئے۔ ابھی مغرب کے بعد ان کی وفات حسرت آیات کی خبر پہنچی، ان کے اور ہمارے ساتھی مولانا سید ہاشم صاحب نے انتہائی رقت آمیز آواز میں اس ناخوشگوار حادثہ کی اطلاع دی۔ جناب امجد صاحب ایک سدا بہار شخصیت تھی۔ ہمیں ان کی ابتدائی زندگی کے بارے میں معلومات نہ ہونے کے برابر ہے، ہم انہیں اور وہ ہمیں باہم دگر شرارتوں سے جاننے اور پہچاننے لگے تھے، نہایت خوش مزاج آدمی اور ہمیشہ خوشیاں بانٹنے میں مصروف، ہماری جامعہ کی تعلیمی زندگی میں وہ پنجم عربی سے ساتھ تھے۔ مولانا عبدالباری صاحب مرحوم کے پروردہ تھے، سفید پوشاک میں ملبوس، جبہ ودستار میں مکمل مولوی، کلاس روم میں انتہائی شریف طالب علم اور محلہ وبازار میں ایک مصلح باعمل داعی نظر آتے تھے۔ 
    ہمارا ان کا ساتھ صرف اور صرف جامعہ کی چہار دیواری میں تعلیمی اوقات تک رہتا تھا، وہ اپنی خوش مزاجی اور ظرفت سے ہم ساتھیوں کو ہی نہیں اساتذہ کو بھی مسکرانے، ہنسانے اور کبھی سبق چھوڑ کر دوسری علمی گفتگو کرنے پر مجبور کرتے تھے، جامعہ سے باہر بھٹکل میں وہ بہت ہی سرگرم کارکن کی طرح کام کرتے تھے، جامع محلہ کے نوجوانوں پر ان کا اچھا خاصہ رعب ودبدبہ تھا، جامع مسجد کے شبینہ مدرسہ تعلیم القرآن کے بنیادی استاد تھے، اور اس مدرسہ کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، مولانا عبدالباری علیہ الرحمہ کے ساتھ وہ جامع مسجد کے دو وقتی ظہر اورعصر کے امام بھی تھے اور مسجد طور کے بھی ابتدائی دور میں،  جب وہ علاقہ بھٹکل سے دور اور غیر آباد ہوا کرتا تھا، اس وقت وہاں کے امام بھی مقرر ہوئے تھے۔ تہجد کے پابند اور نماز سے بہت پہلے نماز کے انتظار کرنے والو ں میں یعنی ”سبعۃ یظلھم اللہ فی ظلہ“ میں سے ایک تھے۔ یقینا وہ قیامت میں اللہ رب العزت کے سایہ میں ہوں گے۔ 
    بہت ہی اچھے اوصاف کے مالک، ہر کارِ خیر میں حصہ لینے والے، جامع محلہ میں چہکنے والا بلبل اور جامع مسجد کا سدا بہار مقتدی آج ہمارے درمیان نہیں رہا، ہم اپنے ساتھی کی مغفرت اور جنات عدن میں ہمیشہ خوش رہنے کی دعا کرتے ہیں اوران کے پسماندگان کو صبرِ جمیل کی تلقین کرتے ہیں۔

 07 جون 2020 ادارہ فکروخبر

«
»

حضرت عمر بن عبد العزیز رحمۃ اللہ علیہ کا حکومت ملنے پر لوگوں سے خطاب

منصبِ افتاء مقامِ حزم واحتیاط ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے