مؤرخہ 29 ذیقعدۃ الحرام 1447ھ مطابق 17مئی 2026ء بروز اتوار، قبل نمازِ ظہر، جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی مسجد میں نائب صدر دوم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مرحوم جناب عبدالحمید دامودی صاحب کے سانحۂ ارتحال پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرحوم کے اہلِ خانہ، ذمہ دارانِ جامعہ، اساتذۂ کرام، طلبہ اور شہر کے مختلف عمائدین نے شرکت کی۔
نشست کا آغاز استادِ جامعہ مولانا حافظ حسان موٹیا ندوی کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد صاحب کوبٹے ندوی نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے جامعہ کے ابتدائی دور سے ہی مرحوم کی وابستگی، محبت اور مخلصانہ تعاون کا تذکرہ فرمایا۔
بعد ازاں ناظمِ جامعہ مولانا محمد طلحہ صاحب رکن الدین ندوی نے خطاب کرتے ہوئے بیرونِ ملک قیام کے دوران مرحوم کی جامعہ کے تعلق سے مسلسل فکر مندی، مختلف تعلیمی و دینی سرگرمیوں میں دلچسپی اور متعدد علاقوں میں ان کے مالی تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس کے بعد مولانا شعیب صاحب ائیکری ندوی نے مختصر خطاب میں جامعہ کے ابتدائی دور میں مرحوم کی خدمات، تعاون اور خیر خواہی کو یاد کیا۔
محاسبِ جامعہ مولانا الیاس صاحب فقیہ احمدا ندوی نے مرحوم سے اپنے ذاتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ زندگی کے آخری ایام تک مرحوم کو جامعہ اور دیگر ملی اداروں کی ترقی و استحکام کی فکر لاحق رہی، اور وہ خاموشی اور اخلاص کے ساتھ مختلف اداروں کی مالی معاونت کرتے رہے۔
رکنِ شوریٰ مولانا عبدالمتین صاحب منیری نے بھٹکل کی دینی و اخلاقی ترقی کے لیے مرحوم کی فکر مندی، نیز ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی اہم ملی و تعلیمی نشستوں کا تذکرہ کیا۔
اس کے بعد مہمانِ خصوصی جناب مولانا عبدالمالک ابن مولانا عبداللہ مغیثیؒ نے خطاب فرمایا، جس میں انہوں نے اپنے والدِ محترم اور مرحوم کے مابین گہرے تعلقات اور باہمی محبت کا ذکر کیا۔
بعدہٗ نائب ناظمِ جامعہ مولانا خلیل الرحمن صاحب منیری، نائب صدر اول جناب ماسٹر شفیع صاحب شہ بندری اور صدر جامعہ مولانا عبدالعلیم صاحب قاسمی نے مختصر مگر جامع تاثرات پیش کیے۔ مقررین نے مرحوم کے اخلاص، حسنِ نیت، نرم خوئی، سادگی اور ملت و جامعہ کے تعلق سے ان کی غیر معمولی فکر مندی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اخیر میں مرحوم کے اہلِ خانہ کی نمائندگی کرتے ہوئے جناب غانم صاحب محتشم نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ نشست کا اختتام مولانا عبدالمالک صاحب کی دعا پر ہوا۔
علاقات عامہ
جامعہ اسلامیہ بھٹکل




