بھٹکل (فکروخبر نیوز)جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں ہر سال کی طرح امسال بھی 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں جامعہ کے ذمہ داران، اساتذہ، طلبہ اور عوام نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز عالیہ رابعہ کے طالب علم محمد معاذ کولچی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد شعبہ عالیہ کے طلبہ نے مختصر مارچ پاسٹ پیش کیا۔
بعد ازاں صدر جامعہ مولانا عبدالعلیم قاسمی نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر جامعہ کے طلبہ عبد الہادی اور اسماعیل ذبیح اللہ نے علامہ اقبال کی معروف نظم "سارے جہاں سے اچھا” پیش کی۔ برادرم سعدان کریمی نے ہندوستان میں مسلمانوں کی علمی، تہذیبی اور ملی خدمات پر جامع انداز میں روشنی ڈالی، جبکہ رکنِ شوریٰ مولانا عبدالمتین منیری نے ہندوستان کے حوالے سے بعض اہم اور مفید معلومات شرکائے تقریب کے سامنے پیش کیں۔
مہتمم جامعہ مولانا مقبول ندوی نے اپنے خطاب میں جنگِ آزادی میں مسلمانانِ ہند کے نمایاں کردار کو اجاگر کرتے ہوئے نئی نسل کو اس تاریخی جدوجہد سے واقف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر جامعہ مولانا عبدالعلیم قاسمی نے بھی مختصر کلمات پیش کیے۔ نائب ناظم جامعہ مولانا خلیل الرحمن منیری کی دعا پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔




