اتحاد پبلک اسکول ولکی کے پہلے بیچ کی تاریخی کامیابی ، ایس ایس ایل سی میں 100 فیصد نتیجہ

بھٹکل (فکروخبرنیوز) شراوتی مسلم کونسل کی سرپرستی میں چلنے والے اتحاد پبلک اسکول، ولکی (ہوناور) نے اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے تعلیمی سال 2025-26 کے ایس ایس ایل سی امتحانات میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ اسکول کے لیے یہ سال اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ دسویں جماعت کا پہلا بیچ ہے جس نے پہلے ہی سال میں سو فیصد (100%) رزلٹ درج کر کے اپنی تعلیمی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ اس کلاس میں شریک تمام 25 طلباء و طالبات کامیاب قرار پائے۔

اسکول کی طرف سے موصولہ نتائج کی تفصیلات کے مطابق 8 طلبہ نے ڈسٹنکشن حاصل کی جبکہ 17 طلبہ فرسٹ کلاس میں کامیاب ہوئے۔ انفرادی کارکردگی میں محمد براق 605 نمبرات (96.80 فیصد) حاصل کر کے اسکول میں پہلے مقام پر رہے۔ یہ وہی طالب علم ہیں جس نے اسکول میں قائم شعبۂ حفظ سے اسکول کے پہلے حافظِ قرآن بننے کا شرف حاصل کیا تھا) مزنہ سکندر خان اور مریم دونوں نے 582 نمبرات (93.10 فیصد) کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ رنیم عتیق شکری 575 نمبرات (92.00 فیصد) کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔

دیگر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں خدیجہ ریاض قاضی (90.50 فیصد)، عطوفہ محمد حنیف باپوجی (86.70 فیصد)، نہیٰ سرور ندیم بونگیا (86.08 فیصد)، حناص مشیر محمد (85.60 فیصد)، عمر عبداللہ زکریا شیخ (83.30 فیصد)، ماہرہ مبین معراجی (83.20 فیصد)، سحرش خالد بونگیا (81.90 فیصد) اور ادیبہ عبدالکبیر کوروے (81.70 فیصد) شامل ہیں۔ اسکول کے چار طلبہ محمد براق، عطوفہ، نہیٰ اور مزنہ نے کنڑا زبان میں جبکہ مزنہ نے ہندی میں 100 میں سے 100 نمبرات حاصل کر کے بہترین کارکردگی دکھائی۔

اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے اس شاندار کامیابی کا سہرا پرنسپل اور تمام اساتذہ کی انتھک محنت اور مخلصانہ تربیت کے سر باندھا ہے۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اتحاد پبلک اسکول ولکی مستقبل میں بھی کامیابی کے اس سفر کو جاری رکھتے ہوئے علاقے میں تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

شیئر کریں۔