(فکروخبر/ذرائع)غزہ میونسپلٹی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی افواج کی کارروائیوں کے نتیجے میں پانی کی مرکزی سپلائی لائن بند ہونے سے غزہ میں شدید آبی بحران پیدا ہو چکا ہے۔ میونسپلٹی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ’میکروٹ‘ سپلائی لائن کی بندش سے غزہ کے 70 فیصد شہری متاثر ہو رہے ہیں، جو روزمرہ پانی کی ضروریات کے لیے اسی لائن پر انحصار کرتے تھے۔
’میکروٹ‘ لائن اکتوبر 2023 سے قبل غزہ کی یومیہ پانی کی ضروریات کا صرف 20 فیصد پورا کرتی تھی، لیکن جارحیت میں اضافے اور متعدد کنووں اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تباہی کے بعد یہ انحصار 70 فیصد تک جا پہنچا۔ اب اس لائن کی بندش سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
غزہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ متعلقہ اداروں سے رابطے جاری ہیں تاکہ پانی کی فراہمی کو فوری بحال کیا جا سکے۔ میونسپلٹی نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ جب تک بحران پر قابو نہیں پایا جاتا، پانی کے استعمال میں احتیاط برتی جائے۔
مزید برآں، غزہ کے حکام نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی قابض حکام پر دباؤ ڈالیں تاکہ پانی کی فراہمی دوبارہ شروع کی جا سکے اور ایک ممکنہ انسانی بحران سے بچا جا سکے۔
’آر ٹی‘ چینل کی رپورٹ کے مطابق میکروٹ لائن سے آنے والا پانی بڑے ٹینکوں میں ذخیرہ کر کے مختلف علاقوں میں فراہم کیا جاتا ہے، لیکن موجودہ صورتحال میں یہ نظام بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔