تل ابیب:(فکروخبر/ذرائع)اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپید نے ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت، دھمکیوں اور سیاسی عدم برداشت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو اسرائیل میں سیاسی قتل کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔
تل ابیب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لاپید نے کہا:
"سرخ لکیر عبور ہو چکی ہے۔ اگر ہم نے ہوش نہ سنبھالا تو یہاں یہودی، یہودیوں کو ماریں گے۔”
لاپید کا اشارہ شین بیت (اندرونی سکیورٹی ایجنسی) کے سربراہ رونن بار کے خلاف جاری آن لائن مہم کی طرف تھا، جنہیں نیتن یاہو کی حکومت ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس اقدام کو اپوزیشن، اٹارنی جنرل اور سپریم کورٹ غیر جمہوری قرار دے چکے ہیں۔
رونن بار کو سوشل میڈیا پر قتل کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، جن کے اسکرین شاٹس لاپید نے میڈیا کے سامنے پیش کیے اور الزام لگایا کہ اس مہم کے پیچھے وزیر اعظم نیتن یاہو کا ہاتھ ہے۔
لاپید نے 1995 میں سابق وزیراعظم اسحاق رابین کے قتل کی یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اگر نفرت کی سیاست کو روکا نہ گیا تو تاریخ خود کو دہرا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: "نفرت نہیں، ہمیں اُن اداروں کا ساتھ دینا چاہیے جو ملک کی حفاظت کر رہے ہیں۔”