بھٹکل (فکروخبر نیوز) انجمن پری یونیورسٹی کالج میں ریاضی کے معروف لکچرار اسماعیل غسان چامنڈی ابن محمد غوث چامنڈی کو کالج کا نیا پرنسپل مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی تقرری اس لحاظ سے بھی نمایاں ہے کہ انہوں نے اسی ادارے میں اپنی تعلیم حاصل کی جس کے بعد اسی کالج میں لکچرر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور اب اسی ادارے کی سربراہی کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔
15 مارچ 1991 کو پیدا ہونے والے اسماعیل غسان نے شمس اسکول میں چوتھی جماعت تک حاصل کی، جبکہ دسویں جماعت تک تعلیم اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول، نوائط کالونی سے مکمل کی۔ اس کے بعد انجمن پری یونیورسٹی کالج سے پی یو سی اور انجمن سے بی ایس سی کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے کے ایس او یو میسور سے ریاضی میں ایم ایس سی کی ڈگری مکمل کی۔ تدریسی سفر کا آغاز 2012 میں نیو شمس اسکول سے کیا، جہاں دو سال خدمات انجام دینے کے بعد مزید دو سال محتشم اکیڈمی میں تدریسی فرائض انجام دیے۔ 2016 میں اپنے مادرِ علمی انجمن پری یونیورسٹی کالج سے بطور ریاضی لکچرار وابستہ ہوئے اور گزشتہ ایک دہائی سے طلبہ کی علمی و فکری تربیت میں مصروف ہیں۔
تدریس کے ساتھ وہ ANFA کے ایگزیکٹو ممبر اور اس کی ایجوکیشن کمیٹی کے فعال رکن کی حیثیت سے بھی تعلیمی و سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے ہیں۔ ان کی تقرری پر تعلیمی حلقوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
فکروخبراس عظیم ذمہ داری کے ملنے پرمبارکباد پیش کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ ان کی قیادت میں انجمن پری یونیورسٹی کالج تعلیمی میدان میں مزید ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔




