فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے ہندوستانی امداد ناکافی، خودمختار فلسطین کی حمایت ضروری: کانگریس

نئی دہلی: حکومت ہند کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کو 25 لاکھ امریکی ڈالر کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے، جس پر کانگریس نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے غزہ کی تباہی کے مقابلے میں ناکافی قرار دیا ہے۔

دستیاب اطلاعات کے مطابق صحافی سدھانت سبل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر حکومت ہند کی جانب سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کو 25 لاکھ ڈالر کی امداد دیے جانے کی اطلاع شیئر کی تھی۔ اس پوسٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما پون کھیڑا نے فلسطینی عوام کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

پون کھیڑا نے اپنے بیان میں کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے 25 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرنے پر بی جے پی حکومت کو مبارکباد دینے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ان کے مطابق غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں اور نسل کشی کے نتیجے میں جو تباہی ہوئی ہے، اس کی تعمیر نو کے لیے کوئی بھی امداد کبھی کافی نہیں ہو سکتی۔

کانگریس رہنما نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت ہند اور دنیا بھر کی دیگر حکومتیں آنے والے وقت میں کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر امداد فراہم کرتے ہوئے اپنی فیاضی اور انسانی یکجہتی کے دائرے کو مزید وسیع کریں گی۔

مالی امداد کے ساتھ ساتھ پون کھیڑا نے فلسطین کے مسئلے پر ہندوستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتی موقف پر بھی توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے ضروری امر یہ ہے کہ ہندوستان ایک خودمختار، آزاد، قابل عمل اور محفوظ فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق مذاکرات کی حمایت میں اپنے واضح اور غیر مبہم موقف کا ایک بار پھر اعادہ کرے، تاکہ فلسطین ایک ایسی ریاست کے طور پر وجود میں آ سکے جو اسرائیل کے ساتھ پُرامن بقائے باہمی کے اصول پر رہ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قوم کو اس کے وقار، آزادی اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیے جانے کی تلافی محض رقم یا مالی امداد سے نہیں کی جا سکتی۔ پون کھیڑا نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کو فلسطینی عوام کے اپنی زمین، خودمختاری اور وقار کے جائز حق کی حمایت میں مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

شیئر کریں۔