ہوناور (فکروخبر نیوز) ہوناورساحل پر ایک انیس سالہ نوجوان ڈوب کر انتقال کرجانے سے پورے علاقہ میں غم کا ماحول ہے۔ نوجوان کی شناخت روشن محلہ کے رہائشی تنظیف ریاض ہوڑیکار کے طور پر کی گئی ہے، جو مقامی آئی کے اے IKA کالج کا طالب علم تھا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق گزشتہ روز دوپہر تقریباً تن بجے تنظیف اپنے دو دوستوں کے ساتھ سمندر کے کنارے مچھلی پکڑنے کا جال ڈالنے کے لیے گیا تھا۔ اس دوران وہ اچانک سمندر کی تیز موجوں کی زد میں آکر غرق ہو گیا۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد اور غوطہ خوروں نے مسلسل تلاش شروع کی، جس کے بعد آج شام تین بجے کے قریب میت سمندر سے بازیافت ہوئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہوناور پولیس تھانہ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور ضروری کاغذی کارروائی شروع کی۔ پولیس کے مطابق قانونی عمل کی تکمیل کے بعد میت کو لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس ناگہانی واقعے کے بعد روشن محلہ اور تعلیمی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم نوجوان کی کامل مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو یہ صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔




