ہلیال: (فکروخبرنیوز) آج کے دور میں جہاں سڑک پر گری ہوئی قیمتی اشیاء کا واپس ملنا مشکل تصور کیا جاتا ہے، وہیں ہلیال کے دو نوجوانوں نے 4 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی ڈرون کیمرہ اس کے اصل مالک کو واپس کر کے ایمانداری اور شرافت کی ایک بہترین مثال پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہلیال کے رہائشی جناب الطاف بشیر کٹی گزشتہ روز اپنی کار میں ہلیال سے دانڈیلی کی طرف سفر کر رہے تھے کہ اس دوران ان کا قیمتی ڈرون کیمرہ حادثاتی طور پر کار سے سڑک پر گر گیا۔ اسی راستے سے گزرنے والے ہلیال فش مارکیٹ کے رہائشی رفیق دھارواڈکر اور سیفل دھارواڈکر کو یہ کیمرہ ملا، لیکن انہوں نے کسی لالچ میں آنے کے بجائے فوری طور پر ہلیال پولیس اسٹیشن پہنچ کر اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ ان نوجوانوں کی اس بے مثال ایمانداری کو سراہتے ہوئے ہلیال پولیس نے آج تھانے میں ڈرون کے مالک الطاف بشیر کٹی کی موجودگی میں رفیق اور سیفل کی شال پوشی کر کے انہیں خصوصی طور پر اعزاز سے نوازا اور کیمرہ بحفاظت اصل مالک کے حوالے کر دیا۔ نوجوانوں کے اس بے لوث عمل کی پولیس حکام اور عوامی حلقوں میں بڑے پیمانے پر پزیرائی کی جا رہی ہے۔




